اوڑی حملے میں گرفتار دونوں پاکستانی نوجوان رہا؛ کل وطن واپس پہنچیں گے


مقبوضہ کشمیر میں اوڑی کے مقام پر فوجی اڈے پر حملے میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیے گئے 2 پاکستانی نوجوانوں کو بھارتی تفتیشی اداروں نے بے گناہ قرار دے دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے فیصل حسین اعوان اور احسن خورشید کو ستمبر 2016 میں اوڑی میں انڈین فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر حملے کے بعد پکڑا گیا تھا اور اُن پر حملے میں سہولت کاری کا الزام لگایا گیا تھا تاہم اب بھارتی تفتیشی اداروں نے دونوں نوجوانوں کو بے گناہ قرار دے دیا ہے اور اُنہیں کل اٹاری باڈر کے مقام پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد سے اب تک نئی دلی میں پاکستانی سفارتخانہ بھارتی  محکمہ خارجہ کے ساتھ رابطے میں تھا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں گزشتہ سال 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).