بند کرو! پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا!۔


پاکستان میں شراب پی جا رہی ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ شراب بند کرو۔
اب پاکستان میں شراب نہیں پی جاتی ہے۔

پاکستان میں اتوار کی چھٹی کیوں ہے؟
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ جمعے کو چھٹی کرو۔ اتوار کی چھٹی بند کرو۔
اب پاکستان میں اتوار کی چھٹی نہیں ہوتی ہے۔

بسنت کی پتنگوں سے گلے کٹ رہے ہیں۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ بسنت بند کرو۔
اب پاکستان میں پتنگ بازی نہیں ہوتی ہے۔

لاؤڈ سپیکروں سے مذہبی منافرت پھیلائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ لاؤڈ سپیکر بند کرو۔
اب پاکستان میں لاؤڈ سپیکر بند ہیں۔

ڈبل سواری سے دہشت گردی ہو رہی ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ ڈبل سواری بند کرو۔
اب پاکستان میں دہشت گردی بند ہے۔

دہشت گرد موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ موبائل فون بند کرو۔
اب پاکستان میں دہشت گرد بند ہیں۔

لبرل ازم دہشت گردی سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ لبرل ازم بند کرو۔
اب پاکستان میں دہشت گردی کھلی ہے اور لبرل ازم بند ہے۔

جمہوریت غیر اسلامی اور کرپٹ ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ جمہوریت بند کرو۔
اب پاکستان میں جمہوریت بند ہے۔

یو ٹیوب پر گستاخانہ فلم موجود ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ یوٹیوب بند کرو۔
اب پاکستان میں یوٹیوب بند ہے۔ اس پر وہ گستاخانہ فلم بھی ابھی تک بند پڑی ہے۔

انٹرنیٹ پر گستاخانہ ویب سائٹس موجود ہیں۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ گستاخانہ ویب سائٹس بند کرو۔
اب پاکستان میں گستاخانہ ویب سائٹس بند ہیں۔

انٹرنیٹ پر فحش ویب سائٹس موجود ہیں۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ فحش ویب سائٹس بند کرو۔
اب پاکستان میں فحش ویب سائٹس بند ہیں۔

سوشل میڈیا پر گستاخانہ پیج بنائے گئے ہیں۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ سوشل میڈیا بند کرو۔
اب پاکستان میں سوشل میڈیا بند ہے۔ جیسے باقی سب کچھ بند ہے۔

پاکستان میں عقل کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ عقل بند کرو۔
فکر ناٹ۔ پاکستان میں عقل پہلے ہی سے بند ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar