اسپاٹ فکسنگ کیس؛ ایف آئی اے کرکٹرز کے خلاف کارروائی روک دے، نجم سیٹھی


نجم سیٹھی نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قومی کرکٹرز کے خلاف انکوائری کررہے ہیں لہٰذا ایف آئی اے کرکٹرز کے خلاف کارروائی روک دے کیوں کہ ان کے خلاف کارروائی کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایف آئی اے کو انکوائری کیلئے کوئی خط  نہیں لکھا خط میں صرف موبائل فون ڈیٹا کی تصدیق کی اپیل کی ہے جب کہ ایف آئی اے کو بکیز کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تاہم تحقیقات کے بعد ایف آئی اے کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کرے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

چیرمین پی ایس ایل نے مزید کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹرز کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں جو ہم ثابت کریں گے اور اس  کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا ٹربیونل جمعہ سے کارروائی شروع کرے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت کرکٹرز کے بیانات ریکارڈ کیے گئے اور ان کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا ہے جب کہ چوہدری نثار نے کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی حکم دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).