انسانی حقوق سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتے، پاکستان


دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ روزیوم پاکستان ملی جوش و جذبہ سے منایا، پاکستان کے دوست ممالک بھی اس خوشی میں شامل ہوئے، یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، گزشتہ ہفتے بھارت نے 30 حریت رہنماوٴں کو گرفتاراورنظربند کیا، حریت رہنماؤں کو پاکستانی ہائی کمیشن میں تقریب میں شرکت کرنا تھی لیکن گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے عوام نے قومی ترانہ پڑھ کر اپنی رائے کا اظہار کردیا، گزشتہ ایک ہفتے میں 131 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا، پاکستان کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش ہے اور اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحد جذبہ خیرسگالی کے تحت کھولی، افغانستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بارڈر مینجمنٹ کے لیے تعاون کرے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، ماسکو میں افغانستان کے حوالے سے کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا تاہم پاکستان کس سطح پرشریک ہوگا اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ اس کانفرنس میں افغان طالبان شریک ہوں گے یا نہیں اس کا انہیں علم نہیں.

یوم پاکستان کے موقع پربھارتی وزیر اعظم کے تہنیتی پیغام پرترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا کہیں سے کوئی اشارہ نہیں ملتا، بھارتی وزیراعظم کا تہنیتی پیغام معمول کا رسمی پیغام تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے قوانین موجود ہیں، انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتے کیونکہ اس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا کوئی ذکر نہیں، رپورٹ میں پیلٹ گن سے نشانہ بننے والے مظلوم کشمیریوں کا بھی تذکرہ نہیں، بھارت میں انسانی حقوق سے متعلق حقائق کے برعکس مواد رپورٹ کے جھوٹا ہونے کا ثبوت ہے.

سوڈان میں پاکستانی شہری کے اغوا سے متعلق نفیس زکریا نے کہا کہ سوڈان میں مغوی پاکستانی انجینئرایاز جمالی کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں، اپنے شہری کی بازیابی کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے، پاکستان سوڈان کی حکومت سے رابطے میں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).