پوٹلی میں ایسا کیا ہے جو اتنے خوش ہو


یوم پاکستان کو عام تعطیل ہوتی ہے کیونکہ اس دن قرار داد پاکستان منظور ہوئی تھی۔ عوام کو یوم پاکستان سے زیادہ خوشی اس بات کی ہوتی ہے کہ چھٹی کا ایک دن میسر آیا بلکہ اکثریت عام تعطیل کی و جہ سے ہی لاعلم ہے۔ چھٹی کا دن گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ ہی گزارا جاتا ہے۔ بابر مرزا عرف تغلق ہمارے دیرینہ دوست ہیں۔ بابر مرزا کو دوست و احباب نے ان کے اچھوتے خیالات کی وجہ سے تغلق کا خطاب دیا ہوا ہے، اب پگلا تغلق تو کہنے سے رہے اس لیے تغلق پر ہی اکتفا کرتے ہیں۔ تغلق صاحب کے کارنامے ضبط تحریر میں کسی اور مناسب وقت میں لائیں گے۔ فی الحال تذکرہ کرنا ہے، حالیہ بیتی گئی شام کا جو یوم پاکستان والے دن، تغلق صاحب کے ساتھ مقامی چائے کے ہوٹل پرگزری۔

جیسے ہی تغلق صاحب ہوٹل پہنچے ان کے بیٹھنے سے قبل ہی ایک سمت سے آواز آئی، آپ کی شلوار کا پائینچا ٹخنوں سے نیچے جارہا ہے، احتیاط کریں۔ نظر دوڑائی تو ایک صاحب قریب ہی ایک پوٹلی سمیت بیٹھے نظر آئے۔ موصوف پھٹا پرانا داغ دار کرتا اور پتلون پہنے ہوئے تھے۔ نام پوچھا تو بولے نام میں کیا رکھا ہے، کام سے کام رکھیں۔ عرض کیا اس مقولے پر تو آپ کو عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ آپ نے بلا تعارف پائینچے کے حوالے سے بات کی ہے اور خود آپ پھٹا پرانا کرتا اورپتلون ز یب تن کیے ہوئے ہیں جو مغرب و مشرق کا امتزاج ہے۔ کرتا ایمان تو پتلون کفر کی علامت ہے۔ مسکراتے ہوئے بولے، میں نے تو شرعی مسئلہ بتایا ہے، لباس میرا ذاتی مسئلہ ہے۔ باتیں دلچسپ لگیں تو پوچھا، بھائی آپ کیونکر اس حال کو پہنچے اور اس پوٹلی میں ایسا کیا ہے؟ جو آپ اتنی عقیدت سے خوشی خوشی اس کو تھامے ہوئے ہیں؟

بولے میرے حال کو چھوڑیے جب مجھے کوئی فکر نہیں تو آپ کیوں فکر کر کے ہلکان ہوتے ہیں؟ جیب سے کاغذ کا ٹکڑا نکالتے اور تھماتے ہوئے کہا، پوٹلی میں موجود اشیاء کی فہرست اس میں درج ہے۔ فہرست میں نمبر ایک پر درج تھا۔ شاعر مشرق، حکیم الامت علامہ اقبال کا خواب پھر بالترتیب قرار داد پاکستان، قائد اعظم کی 11 اگست 1947 ء کی حذف شدہ و غیر حذف شدہ تقریر، قرار داد مقاصد، جملہ آئین، نظریہ ضرورت کا بیان، تمام جنگوں کے درست و غلط اعداد وشمار اور وجوہات، سقوط ڈھاکہ اور حمود الرحمن کمیشن رپورٹ، ایٹم بم کا فارمولا اور تباہ کن ہتھیاروں کی فہرست، افغان جنگ و جہاد کا احوال، دہشت گردی کے خلاف تمام آپریشنز کا احوال، سیاست دانوں کی کارستانیوں اور نیب کیسز کی رپورٹیں، تحریک و قیام پاکستان کی نصابی وغیر نصابی، غلط ودرست تاریخ اور تازہ ترین ریاستی بیانیہ۔

فہرست پڑھنے کے بعد ان سے کہا کہ اس پوٹلی میں تو کئی تلخ حقیقتیں ہیں۔ کیا قائد اعظم کی تقریر کے مطابق ملک کا آئین تشکیل دیا گیا ہے؟ یا سقوط ڈھاکہ اور حمود الرحمن کمیشن رپورٹ سے کوئی سبق حاصل کیا گیا ہے؟ قائد اعظم کی 11 اگست کی تقریر کے بعد ریاستی بیانیہ کیوں اور کب تبدیل ہوا؟ اور نیا ریاستی بیانیہ قائد اعظم کی 11 اگست 1947ء تقریر کو ہی کیوں نہیں بنا لیا جاتا؟ تاکہ اختلاف کی کوئی گنجائش ہی نہ رہے۔ پوٹلی میں ایسا کیا ہے؟ جو آپ اتنے خوش ہیں؟ اور بے فکر ہیں بلکہ دوسروں کے معاملات میں ٹانگ اڑانے سے بھی باز نہیں آرہے تو کہنے لگے حالیہ WORLD HAPPINESS REPORT 2017 کے مطابق پاکستان کا درجہ خطے کے دیگر اور پڑوسی ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، میں اس لیے خوش ہوں۔ مزید گفتگو کو لاحاصل سمجھتے ہوئے ان سے اجازت چاہی۔ الوداع کہتے ہوئے، تغلق صاحب سے پھر موصوف کا تذکرہ آیا تو ہم نے کہا، پتا نہیں انہوں نے اپنا نام کیوں نہیں بتایا؟ تو تغلق صاحب بولے، میں نے تو اس شخصیت کی حرکات و سکنات اور بیانات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کانام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھ دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).