پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 مقابلہ آج ہوگا


پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 4ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ اتوار کو برج ٹاؤن بارباڈوس میں ہوگا، عالمی چیمپئن ٹیم کیخلاف فاتحانہ آغازکیلیے پُرعزم مہمان کرکٹرز نے گزشتہ روز طویل ٹریننگ سیشن میں صلاحیتیں نکھارنے پر کام کیا، وارم اپ اور فٹنس کی مختلف ڈرلز کے بعد کوچز نے فیلڈنگ پر توجہ دی، دوسری جانب بیٹسمین اور بولرز بھی مقامی کنڈیشنزاور پچز کے باؤنس سے ہم آہنگ ہونے کیلیے کوشاں رہے۔

یاد رہے کہ باہمی ٹوئنٹی 20مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے مابین مختلف گراؤنڈز پر7میچز کھیلے گئے جس میں سے گرین شرٹس نے 5اور ویسٹ انڈیزنے 2جیتے، بطور کپتان آفریدی اور حفیظ ایک ایک میچ میں سرخرو ہوئے، گزشتہ تینوں میچز میں پاکستان نے زیرقیادت کامیابی سمیٹتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کیا تھا۔

گزشتہ سال ستمبرمیں کیریبیئن بیٹنگ بُری طرح ناکام ہوئی،صرف دوسرے میچ میں قابل قدر 144کا ٹوٹل حاصل کرنے کے باوجود 16رنز سے شکست ہوئی تھی، پہلے مقابلے میں115رنز بنانے کے بعد 9وکٹ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، دوسرے میں صرف 103تک محدود رہنے کے نتیجے میں 8وکٹ سے ہار ملی،پاکستانی بولرز میں عماد وسیم، محمد نواز، سہیل تنویر اور حسن علی نے رنز روکے اور وکٹیں بھی اڑائیں، بیٹنگ میں بابر اعظم،شعیب ملک، سرفراز احمد، شرجیل خان اور خالد لطیف نے اچھی اننگز کھیل کر فتوحات کا راستہ بنایا۔

اسپاٹ فکسنگ سکینڈل کی وجہ سے پاکستان آخری دونوں بیٹسمینوں کی خدمات سے محروم ہو چکا، یہ خلا پُرکرنے کیلیے احمد شہزاد اور کامران اکمل کو منتخب کیا گیا ہے، بولنگ ایکشن کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے ڈراپ محمد حفیظ بھی واپس آچکے۔ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اسکواڈ میں جگہ بنانے والے فخرزمان کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے، بابر اعظم بھی اچھی فارم میں ہیں،شعیب ملک سینئر کی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کیلیے تیار ہوں گے۔

کپتان سرفراز احمد بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سرپرائز پیکج کے طور پر گگلی بولر شاداب خان کو شامل کرنے کا بھی فیصلہ ممکن ہوگا،آل راؤنڈر کے طور پر عماد وسیم موجود ہونگے، وہاب ریاض، حسن علی، رومان رئیس،سہیل تنویر اور عثمان شنواری میں سے پیس بیٹری کا انتخاب مینجمنٹ کیلیے مشکل فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب کارلوس بریتھ ویٹ کی زیر قیادت ویسٹ انڈین اسکواڈ 2 بہتری آل راؤنڈرز ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ڈیوائن براوو اور پابندی کی زد میں آئے ہوئے آندرے رسل سے محروم ہے۔

اسکواڈ کو تقویت دینے کیلیے انگلینڈ کیخلاف اچھی کارکردگی دکھانے والے بیٹسمین جیسن محمد،لیفٹ آرم اسپنر ویراسامی پرماؤل، ون ڈے میں بہتر پرفارم کرنے والے بیٹسمین جوناتھن کارٹر کو بھی شامل کیا گیا ہے،کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، سیموئیل بدری اور لینڈل کا تجربہ ٹیم کے کام آسکتا ہے۔ بارباڈوس میں ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ بہتر ہے، یہاں ٹیم نے مختلف حریفوں کیخلاف 7میں سے 5میچز میں فتح پائی،سب سے بڑا ٹوٹل 3وکٹ پر 173رنز 2014میں انگلینڈ کیخلاف بنایا تھا۔

پاکستان کا ویسٹ انڈیز سے یہاں کوئی میچ نہیں ہوا،ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2010میں گرین شرٹس کواس گراؤنڈ پر انگلینڈ کے ہاتھوں 6وکٹ سے شکست ہوئی جبکہ نیوزی لینڈ نے ایک رن سے ہرا دیا تھا، زیادہ سے زیادہ ٹوٹل 9 وکٹ پر 147رنز پہلے میچ میں رہا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم دورئہ ویسٹ انڈیز میں ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی، ایک روزہ میچز کے نتائج اس کی ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کیلیے اہم ہیں۔ مختصر فارمیٹ کے مقابلوں میں بہتر کارکردگی مہمان ٹیم اور کپتان سرفراز احمد کے اعتماد میں اضافے کا ذریعہ بنے گی، انھیں اظہرعلی کی جگہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).