سپریم کورٹ سے اختیارات لیں گے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، میئر کراچی


میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پچھلے 8 سالوں سے کراچی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، اگر اس شہر میں کبھی پیسا خرچ ہوا ہے تو وہ صرف پرویز مشرف کے دور میں ہوا ہے نا اس سے پہلے ہوا ہے نا بعد میں، یہ شہر پورے ملک اور سندھ کو چلاتا ہے، یہ معاشی حب ہے مگر اس کی بہتری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانا میری ذمہ داری نہیں ہے، میرے پاس اس کے اختیارات نہیں ہیں، اس حوالے سے اختیارات وزیراعلیٰ سندھ کے پاس ہیں لیکن وہ اس پر سنجیدگی سے عمل ہی نہیں کررہے ہیں۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم حیدر آباد گئے اچھے اعلانات کیے لیکن انہیں کراچی کو بھی دیکھنا چاہیے، کراچی کے حوالے سے اقدامات بھی کرنے چاہئیں جب کہ میں نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا ہے میں جو کرسکتا تھا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹرویو کے ذریعے وزیراعظم کو پیغام دے رہا ہوں کہ آپ مجھے ملاقات کے لیے بلائیں، اگر پاکستان پییلزپارٹی اس شہر کو نہیں دیکھتی تووزیراعظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان معاملات کو دیکھیں، سندھ کے ایسے بھی شہر ہیں جہاں 85 فیصد لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک نہیں ملتا اور اگر ملتا بھی ہے تو وہ بھی گندا، یہ میں نہیں سپریم کورٹ کہہ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).