نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر وادی میں مکمل ہڑتال


بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جموں سرینگر نیشنل ہائی وے پر 9.2 کلو میٹر طویل سرنگ کے افتتاح کے لیے آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں، نریندر مودی کے دورے کے خلاف حریت قیادت کی اپیل پر پوری مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی جب کہ احتجاج روکنے کے لیے اہم سڑکوں پر بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ وادی کے مختلف شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کے دورہ جموں و کشمیر کے خلاف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں احتجاج کیا گیا اور کشمیری مہاجرین اور شہریوں نے سنٹرل پریس کلب کے باہرمظاہرہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس جولائی میں تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد  سے مقبوضہ کشمیر میں شروع ہونے والی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لئے قابض بھارتی فوج وادی میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے جس میں اب تک سیکڑوں کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جب کہ قابض فوج کے مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری بصارت سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).