راسپوٹین کی موت (1)


 راسپوٹین دنیا کا سب سے بڑا گنہگار اور بدخصلت انسان جو روس میں پیدا ہوا، ولی یقین کیا جاتا تھا، مگر درحقیقت وہ ایک شیطان تھا جس کے ہاتھوں زارِ روس کی عظیم الشان سلطنت برباد ہوئی اس کی گناہوں بھری زندگی اس قدر حیرت خیز ہے کہ اس پر کسی خیالی افسانے کا گمان ہوتا ہے۔

چھ فٹ دو انچ لمبے قد کا یہ گرانڈیل راہب جس کا سرگنبد نما تھا کئی سال روس پر اپنی شیطانی صفات کی بدولت حکمران رہا۔ اس کی حیرت انگیز قوت کاراز اس چیز میں مضمر ہے کہ ہپناٹزم میں اسے کمال حاصل تھا ۔ اس قوت کے ذریعہ سے وہ مضبوط سے مضبوط ترین آدمی کو بھی اپنا گروید ہ بنالیتا تھا۔ ہپناٹزم جاننے کے علاوہ علم کشف میں بھی اسے مہارت حاصل تھی چنانچہ اسی علم کی وساطت سے زارینہ سے اس کاتعارف ہوا۔

واقعات بتاتے ہیں کہ بہت جلد راسپوٹین نے زارینہ کو محصور کرلیا۔ اس کے علاوہ اس نے شاہی محل کی تمام پیش خادموں، زارینہ کی تمام خوبصورت سہیلیوں اور خاندانِ شاہی کی قریب قریب تمام بیگموں کو اپنا مرید بنالیا۔ یہ تمام عورتیں بہ رضا و رغبت اس کی خواہشوں کے سامنے جُھک گئیں۔ یہ بات بہت ہی شرمناک ہے مگر حقیقت سے کسی کو انکار نہیں ہوسکتا کہ خود زارینہ کو بھی آہستہ آہستہ اس کا یقین ہوگیا تھا کہ جب تک راسپوٹین کے ساتھ جسمانی گناہ کا ارتکاب نہ کیا جائے خدا کے ہاں نجات ممکن ہی نہیں عورتیں چھپ چھپ کر اور بھیس بدل کر اس شیطان راہب کے پاس جاتی تھیں ، نہیں معلوم کہ اس میں ایسی کون سی طاقت تھی کہ عورت سامنے آتے ہی بالکل مسحور اور بے بس ہوکر رہ جاتی تھی۔

پہلی جنگ عظیم شروع ہوچکی تھی۔ زار اورزارینہ کو یقین تھا کہ راسپوٹین خدا کی طرف سے اس لیئے آیا ہے کہ روس کو فتح و ظفر اور عزت و شان سے ہم آغوش کردے، لیکن راسپوٹین اصل میں جرمن جاسوس تھا اور اس کی کوشش یہی تھی کہ روس اپنے اتحادیوں سے جدا ہوکر جرمن سے صلح کرلے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ حد درجہ غلیظ ہونے کے باوجود راسپوٹین سے نہ زارینہ کوگِھن آتی تھی نہ کسی دیگر خاتون کو ۔ وہ بالکل غسل نہیں کرتا تھا ۔ اس نے کبھی منہ ہاتھ بھی نہیں دھویا تھا۔ اس کے بدن سے سخت بدبو آتی تھی اس کے لمبے لمبے ناخنوں میں ہر وقت میل بھرا ر ہتا تھا داڑھی اس کی بے حد مکروہ تھی جس کے بال میل اور چکناہٹ کے باعث آپس میں جمے رہتے تھے۔ بہت ہی بدتمیز تھا یورپی آداب کے خلاف ہاتھ سے کھانا کھاتا تھا۔ اور اپنی بھری ہوئی انگلیاں شہزادیوں کی طرف بڑھا دیتا تھا جو ان کو چوس کر صاف کردیتی تھیں۔

1916ء کے آخر میں روس کی ناگفتہ بہ حالت تھی ۔ ڈھائی سال سے ملک میں بدامنی اور قحط کا دور دورہ تھا ۔ فوجوں کے سپاہی اپنے وطن کی محبت کا جذبہ دل میں رکھتے تو تھے لیکن وہ ایک بے مقصد لڑائی لڑتے لڑتے اُکتا گئے تھے جس میں انہیں پیٹ بھر کر کھانا بھی نصیب نہیں ہوتا تھا۔ ان کو حکومت کی طرف سے پورے ہتھیار بھی نہیں دیئے جاتے تھے کہ وہ جرمنوں کا بہ طریقِ احسن مقابلہ کرسکیں چنانچہ فوجوں میں بددلی پھیل گئی اور 1916ء میں دس لاکھ روسی سپاہی بستر بوریا باندھ کر اپنے گھر چل دیئے۔

جب حالات اس درجہ مکدّر ہوگئے توشاہی خاندان کے مردوں کے کان کھڑے ہوئے چنانچہ گرانڈ ڈیوک تکوس اور میکائل کی سرکردگی میں ایک وفدزار کے پاس گیا۔ اور زارینہ کے چال چلن پر شبہ کا اظہارکیا اور درخواست کی کہ ملک کی بدحالی اور بدانتظامی دُور کرنے کے لیئے فوری طور پر کچھ کیا جائے۔ زار نے اس وفد کی کوئی بات نہ سنی چنانچہ اس کے رشتہ داروں نے سوچا کہ روس کو بچانے کے لیئے اب ایک ہی راستہ باقی رہ گیا ہے وہ یہ کہ خود کچھ کیا جائے۔ چنانچہ سینٹ پیٹرز برگ میں امراء نے شاہی محل کی آخری سازش کا انتظام کیا ۔ پروگرام میں سب سے پہلے راسپوٹین کا قتل تھا۔

17 دسمبر کی رات کو شاہزادہ یوسوپوف نے مجلس رقص وسُرور قائم کی اور راسپوٹین کو اس میں مدعو کیا۔ چونکہ راسپوٹین موسیقی کا دلدادہ تھا ۔ اس لیئے سازشیوں کو یقین تھا کہ وہ ضرور آئیگا۔

یوسوپوف:               شیطان آج ہمارے جال سے بچ کر نہیں جائے گا۔ پال ، تم نے زہر کی طرف سے اپنا اطمینان کرلیا۔

پال سیتپانوف:         کرچکا ہوں۔ چند قطرے ایک کتے کے حلق میں چوائے جو فوراً ہی مرگیا۔ اس کی لاش باہر صحن میں پڑی ہے۔

یوسوپوف:               آج اس رات اس کتے راسپوٹین کی لاش بھی اسی صحن میں پڑی ہونی چاہیئے۔۔۔ تمہارا خیال کیا ہے ، کہیں دعوت میں آنے سے انکار نہ کردے۔

پال سیتپانوف:         میرا خیال ہے انکار نہیں کرئے گا۔ اس لیئے کہ ہم اسے ایک معشوقہ کا لالچ بھی تو دے چکے ہیں۔

یوسوپوف:               میں بھول ہی گیا تھا۔ جب اس نے اس معشوقہ کے سراپا کی تعریف سنی ہوگی توپانی بھر آیا ہوگا، غلیظ شیطان کے منہ میں۔

پال سیتپانوف:         باقی لوگ کہاں ہیں۔

یوسوپوف:               سب اپنی اپنی جگہ پر مستعد ہیں ۔ تم بالکل بے فکر رہو۔

پال سیتپانوف:         ایسا نہ ہو کہ مجھے دیکھ کر ٹھٹک جائے۔ اس سے میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔

یوسوپوف:               تم بے فکر رہو میں سب ٹھیک کر لوں گا۔۔۔ اس سے کہہ دو ں گا کہ پال سیتپانوف اپنا آدمی ہے۔ غیر نہیں!

پال سیتپانوف:         اچھا یوں ہی سہی ۔۔۔ میرا تو دل دھڑک رہا ہے ۔ کم بخت کے اتنے افسانے سن چکا ہوں کہ اب وہ مجھے بُھوت معلوم ہوتا ہے۔

یوسوپوف:               دوست آج یہ بھوت نہیں رہے گا ۔۔۔ روس کی مقدس سرزمین پر آج اس کا ناپاک وجود نہیں رہے گا کیا ہم سب اس کا حلف نہیں اُٹھا چکے۔ اس غدار و دجّال اور گنہگار انسان کو مارنا بہت بڑا کارِ ثواب ہے۔

پال سیتپانوف:         اس میں کیا شک ہے۔

یوسوپوف:               دس بجنے والے ہیں۔ آؤ اب شراب میں زہر ملا دیں۔

پال سیتپانوف:         یہ دوبوتلیں ہیں۔ ان میں سے ایک میں یہ زہر گھو ل دو۔۔۔ دوسری بوتل میں کچھ نہ ڈالو مگر زہر والی بوتل پر نشان ضرور لگا دیناچاہیئے۔ ایسا نہ ہو کہ عین اس وقت پر گڑ بڑ ہوجائے۔

یوسوپوف:               میں نشان لگائے دیتا ہوں۔ اوّل تو اس کی بھی ضرورت نہیں۔ کیونکہ شراب کی طرح دونوں بوتلیں بھی مختلف ہیں۔

پال سیتپانوف:         اس میں ڈال دوں۔

یوسوپوف:               ڈال دو۔ اور اچھی طرح ملا دو۔

(جاری ہے)

http://www.humsub.com.pk/58467/saadat-hasan-manto-16/


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).