2017ءکے اختتام تک کرپشن ہضم ہوجائےگی


مجھے بذات خود خوبصورت مرد بہت پر کشش لگتے ہیں، کیا کریں دل کا معاملہ ہے، کس سے کریں گلہ کہ مجھے مرد اچھا کیوں لگا؟ یہ اچھا لگنا اور اچھا ہونا ملتے جلتے ہیں لیکن اگر کوئی چیز ہو کر لگے میرا مطلب حقیقت میں وجود رکھتی ہو اور ناظر کی آنکھوں میں سرور رکھتی ہو تو مرد حضرات مسیحا لگنا شروع ہوجاتے ہیں۔

اللہ کا کرنا دیکھئے سارے کے سارے خوبصورت مرد نواز لیگ میں پائے جاتے ہیں، ایک سے بڑھ کر ایک خوبصورت! اتنے پیارے اور اتنے سارے نواز لیگی ، ایک ڈھونڈو ہزار ملتے ہیں! بہت حسن سے نوازا ہے خدا نے نواز لیگ کو، خود نواز شریف بھی مردانہ وجاہت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، پتہ نہیں شہباز شریف کس پر چلے گئے، خیر شکل صورت کا کیا! ہمیں تو کام سے مطلب ہے، کیا خیال ہے آپ کا؟

حضرت خواجہ آصف کا حسن و جمال، انداز باکمال کا کیا کہنا، لوگوں کے جسم میں خون دوڑتا ہے ان کے جسم میں بجلی دوڑتی ہے، بار بار جھٹکے لگتے ہیں، ایک تو خوش شکل خواجہ آصف اوپر سے بجلی سے چلتی زبان کا انداز بیان۔ واہ واہ ! بجلی تو مہمان ہوگئی اس سال آئے گی،ابھی مصروف ہے، دورے کررہی ہے ،شہر شہر، گلی گلی،اوراس بجلی کی عزت و توقیر کا تو پوچھئے ہی مت، پورا ملک مہمان نوازی میں مصروف ہے ماشااللہ، ایک جگہ آتی ہے تو دوسری جگہ سے چلی جاتی ہے، آخر بجلی کا بھی کوئی حق ہے پاکستان پر، عوام پر، سارے ملک کے صوبے کے عوام کو مہمان نوازی کا موقع ملنا چاہئے۔

آئے دن کی اس مہمان نوازی سے اگر کسی کو استثنیٰ حاصل ہے تو وہ ہے شیر لیگ ،بھلا شیر کو بھی کبھی بجلی نے ستایا ہے؟ وہ تو اندھیرے میں بھی شیر ہوتا ہے اور شیر کو شکار سے مطلب، روشنی سے کیا واسطہ! اس کا واسطہ تو صرف شکار سے ہے بھائی!

ماشااللہ سارے کے سارے شکاری! ایک جائے گا دوسرا آجائے گا۔ بالکل بجلی کی طرح، آنا جانا۔ ویسے بھی باربار ملنے سے پیار بڑھتا ہے، بجلی کم ہوجاتی ہے، تو کیا ہوا، پیار لیں پیار! اور پیارے پیارے نواز شریف جنم دیں ، کچھ سعد رفیق کی شکل تو کچھ خواجہ آصف اور شہباز شریف کے جلوہ خاص میں! بجلی کا کیا وہ تو ہم خود پیدا کریں گے، جیسے بچے پیدا کرتے ہیں، بس شادی کی ضرورت نہیں ، کسی نواز لیگی سے پیار کرلیں،بس پھر دیکھیں کیسے پیاری پیاری بجلی کی ولادت ہوگی، بل بھی نہیں دینا پڑے گا نہ ہی ٹیکس!

بجلی کی پیدائش کاعمل انتہائی تکلیف دہ ہے اس کے لئے آپ کو پہلے پیار پھر انتظار کا سامنا کرنا پڑے گا،محبت تو لوڈشیڈنگ مانگتی ہے، صبر کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوا کرتا ہے، لوڈشیڈنگ کو بھی پھل سمجھیں ،ہضم کرنا مشکل سہی نا ممکن تو نہیں ؟ بار بار کی لوڈشیڈنگ سے انشااللہ آپ کا ہاضمہ ایسا کام کرے گا کہ آپ کو لوڈشیڈنگ کے علاوہ کچھ کھانا اچھا نہیں لگے گا،لوڈشیڈنگ ابھی کچھ کچھ اور بعد میں پوری پوری ہضم ہوگی ،اصل میں ہمارا ہاضمہ خراب ہے،دماغ نہیں!

ہاضمہ پیار سے ٹھیک ہوتا ہے اعتماد سے ٹھیک ہوتا ہے، اندھے اعتماد اور گونگے بہرے پیار سے! کتنے پیارے ہیں نواز لیگی، کبھی غور کیا آپ نے ! اعتماد کیا آپ نے؟ اور اگر کیا ہے تو دوبارہ کریں، پیار تو بار بار کیا جاتا ہے، کیا ہوگا؟ بس اتنا کہ آپ کی اس بے لوث محبت سے ایک دو نواز لیگی اور جنم لے لیں گے، نئے وعدے نئی امیدیں ،نئی بجلی اور نیا پاکستان کا خواب دکھایا جائے گا، بس اور کیا ! سارا کھیل ہاضمے کا ہے بھائی ،پیار کریں پیار ،سب ہضم ہوجائے گا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).