مبینہ پولیس مقابلے میں لاہور حملے میں ملوث جماعت الاحرار کے 10 دہشت گرد ہلاک


 لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں مبینہ مقابلے میں مال روڈ دھماکے میں ملوث10 مبینہ دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے متعدد ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار بھی ہو گئے، جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مال روڈ دھماکے میں ملوث سہولت کار انوار الحق اور اس کے5 ساتھیوں کو اسلحہ اور بارود کی ریکوری کے لئے مناواں لے جایا جا رہا تھا، رنگ روڈ کے قریب ان کے 8سے9 ساتھیوں نے حملہ کرکے انہیں چھڑا لیا، دہشت گرد دریائے راوی کی جانب فرار ہو گئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے مزید نفری طلب کر کے پیچھا کیا، آدھ گھنٹے بعد دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا گیا، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔

مارے جانے والوں میں سے 5کی شناخت انوارالحق، عبداللہ، عطاءالرحمان، امام شاہ اور عرفان خان کے ناموں سے ہوئی، دہشت گردوں کے قبضے سے 2کلو دھماکا خیز مواد،3 کلاشنکوفیں، 3پستول اور3 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان /جماعت الاحرار گروپ سے بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 13فروری کو مال روڈ پراس وقت خودکش دھماکا کیا گیا تھا، جب وہاں میڈیکل اسٹورز مالکان اور دوا ساز اداروں کی طرف سے احتجاجی دھرنا دیا گیا تھا، اس دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13افراد شہید ہوگئے تھے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعےدہشت گردوں کے سہولت کار انوارالحق کی شناخت کی گئی تھی، جو خودکش حملہ آور کو موٹرسائیکل پر لے کر گھومتا رہا، انوار الحق کو لنڈا بازار سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں میواسپتال مردہ خانے منتقل کرکے ان کے مفرور ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).