اردو کے پرانے اشعار کی جدید تشریح


میرے دوست عرفان عارف کا کزن ایک پرائیویٹ سکول میں ٹیچر ہے۔ میٹرک کی اردو کلاس کو پڑھاتا ہے۔ اس نے اپنے طالب علموں کا ٹیسٹ لینے کے لیے انہیں کچھ اشعار تشریح کرنے کے لیے دیے۔ ان طالب علموں نے جو تشریح کی، یقین جانیے، اردو کی ایک نئی جہت متعارف کروائی ان طالب علموں نے ۔

سوالنامہ میں اس شعر کی تشریح پوچھی گئی تھی

بنا کر فقیروں کا ہم بھیس غالب ۔۔۔۔ تماشائے اہل کرم دیکھتے ہیں

ایک ذہین طالبعلم نے لکھا کہ

’’اِس شعر میں مستنصر حسین تارڑ نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے انہوں نے ایک دن سوچا کہ کیوں نہ فقیر بن کے پیسہ کمایا جائے‘۔ لہٰذا وہ کشکول پکڑ کر “چونک” میں کھڑے ہوگئے ‘ اُسی “چونک ” میں ایک مداری اہل کرم کا تماشا کر رہا تھا ‘ شاعر کو وہ تماشا اتنا پسند آیا کہ وہ بھیک مانگنے کی “باجائے” وہ تماشا دیکھنے لگ گیا اور یوں کچھ بھی نہ کما سکا۔۔۔‘‘

اگلا شعر تھا ,

رنجش ہی سہی‘ دل ہی دُکھانے کے لیے آ

آ پھر سے مجھے چھوڑ کے جانے کے لیے آ ..

مستقبل کے ایک معمار نے اس کی تشریح کچھ یوں کی کہ ’’یہ شعر نہیں بلکہ گانا ہے اور اس میں “مہندی حسن” نے یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ اے میرے محبوب تم میرا دل دُکھانے کے لیے آ جاؤ لیکن جلدی جلدی مجھے چھوڑ کے چلے جانا کیونکہ مجھے ایک فنکشن میں جانا ہے اور میں لیٹ ہو رہا ہوں۔۔۔‘‘

تیسرا شعر تھا۔۔۔!!!

کون کہتا ہے کہ موت آئی تو مرجاؤں گا ۔۔۔

میں تو دریا ہوں سمندر میں اتر جاؤں گا .

ایک لائق فائق طالبہ نے اس کی تشریح کا حق ادا کرتے ہوئے لکھا کہ

’’یہ شعر ثابت کرتا ہے کہ شاعر ایک کافر اور گنہگار شخص ہے جو موت اور آخرت پر یقین نہیں رکھتا اور خود کو دریا کہتا پھرتا ہے ‘ اس شعر میں بھی یہ شاعر یہی دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ دریا ہے لہذا مرنے کے بعد بحرِ اوقیانوس میں شامل ہوجائے گا اور یوں منکر نکیر کی پوچھ گچھ سے بچ جائے گا‘ لیکن ایسا ہ وگا نہیں کیونکہ آخرت برحق ہے اور جو آخرت پر یقین نہیں رکھتا اس کا ٹھکانا دوزخ ہے۔ اللہ اسے ہدایت دے۔ آمین۔۔۔

اگلا شعر تھا۔۔۔۔

مقام فیض کوئی راہ میں جچا ہی نہیں ۔۔۔

جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے ..

ایک سقراط نے تشریح لکھی کہ ’’اس شعر میں شاعرکوئے یار سے لمبا سفر کرکے راولپنڈی کے ’فیض آباد‘ چوک تک “پونچا” ہے لیکن اسے یہ مقام پسند نہیں آیا کیونکہ یہاں بہت شور ہے‘ شاعر یہاں سے نکل کر ٹھنڈے اور پرفضا مقام “دار” پر جانا چاہتا ہے اور کہہ رہا ہے کہ بے شک اسے ” سُوئے” مارے جائیں‘ وہ ہر حال میں “دار ” تک پہنچ کر ہی دم لے گا۔۔۔‘‘

اگلا شعر تھا۔۔۔

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے ۔۔۔

خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے ..

جواب تھا کہ  ’’یہ شعر وصی شاہ کا ہے اور اس میں انہوں نے بڑی “محارت” سے یہ بتایا ہے کہ ہمیں چاہیے کہ ہم خود کو زیادہ سے زیادہ بلند کرلیں‘ اونچی اونچی بلڈنگیں بنائیں تاکہ خدا سے اتنے قریب ہوجائیں کہ خدا آرام سے ہم سے پوچھ لے کہ اے میرے بندے آخر تم اور کتنی ” اُنچی” منزلیں بنانا چاہتے ہو۔۔۔؟؟؟‘‘

اگلا شعر پھر بڑا مشکل تھا ۔۔۔!!!

سرہانے میر کے آہستہ بولو ۔۔۔

ابھی ٹک روتے روتے سوگیا ہے .

نئی تشریح کے ساتھ اس کا ایک جواب کچھ یوں ملا کہ

’’اس شعر میں “حامد میر ” نے اپنی مصروفیات کا رونا رویا ہے‘ وہ دن بھر مصروف رہتے ہیں‘ رات کو ٹی وی پر ٹاک شو کرتے ہیں‘ ان کی نیند بھی پوری نہیں ہوتی ‘ ہر روز شیو کرتے ہوئے اُنہیں “ٹک” (زخم) بھی لگ جاتاہے اور اتنی زور کا لگتا ہے کہ وہ سارا دن روتے رہتے ہیں اور روتے روتے سو جاتے ہیں لہٰذا وہ اپنی فیملی سے کہہ رہے ہیں کہ میرے سرہانے آہستہ بولو’ مجھے ” ٹَک ” لگا ھے ” ۔

اگلا شعر پھر ایک نیا امتحان تھا۔۔۔!!!

محبت مجھے اُن جوانو ں سے ہے ۔۔. ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند ..

ایک محنت کش سٹوڈنٹ نے اس کی بہترین تشریح کرتے ہوئے لکھا کہ

’’اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ مجھے صرف سلمہ ستارے کا کام کرنے والے جوان اچھے لگتے ہیں اور مجھے محبت بھی انہی سے ہے کیونکہ وہ سارا سارا دن کھڈی پر “کمند” ڈال کر سوئی دھاگے سے کپڑوں پر ستارے لگاتے ہیں اور اسی چکر میں اپنی آنکھیں بھی خراب کر بیٹھتے ہیں۔۔۔‘‘۔

آخری شعر یہ تھا۔۔۔!!!

نشیمن پر نشیمن اس طرح تعمیر کرتا جا ۔۔۔۔

کہ بجلی گرتے گرتے آپ ہی بیزار ہوجائے

علامہ اقبال کے اس شعر سے بھرپور ” انتقام ” لیتے ہوئے ایک لڑکی نے لکھا کہ

’’اس شعر میں شاعر لوڈشیڈنگ سے بہت تنگ نظر آتاہے اور لگتا ہے شاعر کے گھر میں نہ یوـ پی ـایس ہے نہ چارجنگ والا پنکھا‘ اسی لیے وہ کہہ رہا ہے کہ حکومت کوفوری طور پر “نشیمن یعنی کہ بڑے بڑے ڈیم” بنانے چاہئیں تاکہ لوڈ شیڈنگ سے بیزار عوام کو کچھ ریلیف مل سکے‘ اس شعر میں “کالا باغ نشیمن” نہیں بنے گا‘ تو بجلی کا “ماسالا” حل نہیں ہو گا کا اصول بتایا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).