مسئلہ کشمیر او آئی سی کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے، سیکرٹری جنرل او آئی سی


او آئی سی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یوسف احمد کے ہمراہ مشترکہ کانفرنس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ جنرل سیکرٹری او آئی سی سے ملاقات میں امت مسلمہ کے مسائل و علاقائی امور سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسلم اقلیتوں کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

سرتاج عزیزکا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یوسف احمد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم  کے خلاف آوازاٹھائے۔ ان کاکہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف او آئی سی سے مل کر کام کررہےہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل او آئی سی یوسف احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کا اہم رکن ملک اور ہمارا دوسرا گھر ہے یہاں کی عوام سے محبت ہے ہم او آئی سی کی حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ امت مسلمہ کواو آئی سی سے بہت توقعات وابستہ ہیں ہم تمام بڑے مسائل پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

ڈاکٹر یوسف احمد نے کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے جو ہمیں روا داری کا درس دنیا کےتمام مذاہب کا احترام سکھاتا ہے دنیا بھر میں  انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسلاموفوبیا اور دوسری جانب دہشت گردی کا سامنا ہے، شام کے 50 لاکھ افراد پناہ گزین ہیں، شام کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر اور دیگر مسلم ممالک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتےہیں مسئلہ کشمیر او آئی سی کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں او آئی سی کی سائنس و ٹیکنالوجی پرکانفرنس کے انعقاد پر بات ہوئی جس کی صدارت پاکستانی صدر کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).