دو مختصر کہانیاں: امن و امان اور موسیٰ


امن و امان

امن و امان کی صورت حال بہت خراب ہے،
کل سر راہ ڈکیتی میں نوجوان قتل ہو گیا، ڈاکو دن دہاڑے فرار ہو گئے،
گامو کمہار کی لڑکی چوہدری نے اغوا کر لی پولیس کوئی داد
رسی نہیں کر رہی،
رات کو مصلیو ں کی بھینس چوری ہو گئی، چوروں کا کوئی سراغ نہیں ملا،
کسی کی جان، مال، عزت محفوظ نہیں۔ میں نے کہا
وہ مسکرایا اور بولا؛
یہ پاکستان ہے یہاں پر صرف فیصلے محفوظ ہیں۔

موسیٰ

تمہیں ان میں کوئی موسیٰ نظر آتا ہے،
اس نے وارڈ میں نظر دوڑائی۔
ان کے گال گہری کھائیوں کی طرح
پچکے ہوئے تھے،
آنکھیں چہرے کے اوپردو گڑھوں میں دھنستی ہوئی
بے نور ہو رہی تھیں،
جسم کے ڈھانچے پہ کھال مڑھی ہوئی تھی،
ایک مشت استںخوان،
موت ان بچوں کے قریب ہی کہیں پھر رہی تھی۔
نہیں یہاں کوئی موسیٰ نہیں،
میں نے ہال میں دیکھا،
تو پھر یہ تھر کا صحرا
فرعون بن کر کیوں انہیں نگل رہا ہے،
اس کی آنکھوں میں نمی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).