وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا


مسدس حالی کی ایک مشہور نعت شاید ہم لوگوں کو یاد دلا دے کہ ہم کس نبیؐ کے امتی ہیں۔ کفار و مشرکین کیا، حیوانات کے لئے بھی وہؐ سراپا رحمت تھے۔ خود پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والی کے وہ تیمار دار تھے۔ طائف میں پتھر مار کر لہو لہان کر دینے والوں کے لئے وہؐ سراپا خیر تھے۔ اپنے عزیز چچا کی قاتل کو وہؐ بخش دینے والے تھے۔ شعب ابی طالب میں جلاوطن کر کے مسلسل عذاب میں مبتلا کرنے والوں پر جب انہوں نے فتح پائی تو ان ظالم مشرکین کو امان دی اور اپنی رحمت کی آغوش میں لے لیا۔ ہم اس نبیؐ کے امتی ہیں جو رحمۃ للعالمین کہلاتا ہے۔ سارے جہانوں کے لئے رحمت۔

یہ گواہی خود اللہ کی کتاب دیتی ہے۔ ’اور (اے محمدؐ ) ہم نے تم کو تمام جہاں کے لئے رحمت (بنا کر) بھیجا ہے‘۔

آئیے یہ نعت پڑھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ کیا ہم واقعی اسی نبیؐ کے امتی کہلانے کے حقدار ہیں جو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا تھا۔


وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا
مرادیں غریبوں کی بر لانے والا
مصیبت میں غیروں کے کام آنے والا
وہ اپنے پرائے کا غم کھانے والا

فقیروں کا ملجا ضعیفوں کا ماویٰ
یتیموں کا والی غلاموں کا مولیٰ

خطا کا ر سے درگزر کرنے والا
بد اندیش کے دل میں گھر کرنے والا
مفاسد کا زیر و زبر کرنے والا
قبائل کو شیر و شکر کرنے والا

اتر کر حِرا سے سوئے قوم آیا
اور اک نسخہ کیمیا ساتھ لایا

مس خام کو جس نے کندن بنایا
کھرا اور کھوٹا الگ کر دکھایا
عرب جس پہ قرنوں سے تھا جہل چھایا
پلٹ دی بس اک آن میں اس کی کایا

رہا ڈر نہ بیڑے کو موجِ بلا کا
اِدھر سے اُدھر پھر گیا رخ ہوا کا

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar