یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم، ہم شرمندہ ہیں



یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ہم آپ کے سامنے شرمسار ہیں کہ جس سلامتی کے مذہب کی خاطر آپ نے طائف میں اوباش لڑکوں کے اتنے پتھر کھائے کہ آپ کا نعلین مبارک خون میں لت پت ہوگیا، میرے مولا آج ہم نے آپ کے نام لیوا کو مردان میں نہیں چھوڑا، اتنا مارا اتنا مارا کہ اب اس کے مردہ جسم کی چیخیں سارا عالم سن رہا ہے۔

یا رحمت العالمینﷺ آپ نے ان عربوں کو محبت کا درس دیا تھا جہاں ایک قبیلہ دوسرے قبیلے کے خون کا پیاسا تھا، انہیں انصار بنایا انہیں بھائی بھائی بنایا میرے مولا ﷺ یہاں آپ کے نام کو بہانہ بنا کر اپنے مسلمان بھائی کو بغیر کسی تصدیق بغیر کسی قاضی کی عدالت کے، دن دیہاڑے ایسے گھسیٹ کر مارا جاتا ہے کہ جانور بھی شرمندہ ہوں۔

اے ختم رسل مولائے کُل صل اللہ علیہ و آلہ و سلم، آپ عادل خدا کے بعد سب سے بڑے منصف تھے۔ چاہتے تو ہر چیز پہ قادر تھے۔ ہر وہ ہاتھ جس نے آپ کو تکلیف پہنچائی کاٹنے کا حکم دے سکتے تھے مگر آپ نے ہمیں دشمن پر قابو پاکر بھی رحم، صبر، برداشت کا درس دیا۔ آپ اس بوڑھی عورت کی بھی خیریت پوچھنے گھر چلے گئے جو روز آپ پر گھر کی چھت سے کچرا پھینکتی تھی۔ مگر آقاﷺ نہ جانے آپ کے غلاموں کو کیا ہوگیا۔ وہ بنا تحقیق سزا دینے میں پہل کرتے ہیں، دشمن ہاتھ آجائے تو اس کے ایک ایک عضو کو ادھیڑ دیتے ہیں، وہ آپ کا نام لے کر ظلم کے پہاڑ توڑتے ہیں۔ وہ کوٹ رادھاکشن میں آٹھ ماہ کی حاملہ اور اس کے شوہر کو آگ میں جھونک دیتے ہیں بغیر یہ جانے کہ ان آفت کے ماروں کا قصور کیا تھا۔

یا سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم آپ کو اللہ نے ہم گناہ گاروں کی بخشش کے لیے اتارا، ہمیں امید ہے کہ روز محشر آپ اللہ سے ہماری سفارش کریں گے۔ آپ ہمارے مشکل کشا بنیں گے مگر یا کریمﷺ بس اتنا عرض ہے کہ ہم نے آپ کے نام آپ کے دین اسلام اور آپ کی کتاب قرآن پاک کو بنیاد بنا کر بہت سے ایسے معصوموں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جو دوسرے مذاہب کے پیرو کار تھے۔ ہم نے مسیحیوں کی جیتی جاگتی بستیاں تاراج کیں ہمیں نہیں پتہ کہ کیوں۔۔۔۔

یا سراج السالکین ﷺ، اے علم کے متلاشیوں کی آخری امید گاہ، آپ کی معراج سدرۃ المنتہا، آپ کا سینہ علم و حکمت کا خزینہ، آپ کی وراثت قرآن مجید کی شکل میں علم شعور و آگاہی ہے۔ مگر مولا آپ کے یہ غلام نئے خیال سے ڈرتے ہیں، یہ علم سے متنفر ہیں، انہیں سوچ کی معراج گستاخی لگتی ہے، یہ جہالتوں کی تاریک گہرائیوں میں اللہ کی روشن آیتیں ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ مکالمے کو کفر اور سوال کو گستاخی گردانتے ہیں۔

پیارے نبیﷺ آپؐ، آپؐ کی آل اور اصحاب کے نام پر ہم قربان، ہماری جان قربان، مگر آقائے دو جہاںﷺ ہم آپ کے نام پر جانیں دینے سے زیادہ لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ہم چوری چکاری، زنا جھوٹ مکاری، بداخلاقی اور ظلم سے خود کو دور نہیں رکھتے مگر ہم اپنے دعوی محبت میں دوسروں کی گردنیں اڑانیں کو تیار ہیں۔

یا روفﷺ، اے بہت نرم طبعیت خوش گفتار اعلی اخلاق کے مالک، آپؐ نے سارے جہان کو امن و محبت، علم و عرفان ،چین و سکون اور فردوس بریں کی خوش خبری سنائی، ہم یہاں آپؐ کی محبت میں لبیک یارسول اللہ کا نعرہ لگا کر موت، نفرت، آگ و خون، ظلم و بربریت بانٹ رہے ہیں۔

یا مولا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ہمیں راستہ دکھائیں، ہم بھٹک گئے ہیں ہمیں اپنی راہ پہ لے آئیں۔

عفت حسن رضوی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عفت حسن رضوی

نجی نیوز چینل میں ڈیفنس کاریسپانڈنٹ عفت حسن رضوی، بلاگر اور کالم نگار ہیں، انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹس امریکا اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کی فیلو ہیں۔ انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں @IffatHasanRizvi

iffat-hasan-rizvi has 29 posts and counting.See all posts by iffat-hasan-rizvi