جنگل کا قانون نہیں چل سکتا: عمران خان


مردان میں توہینِ مذہب کے الزام میں طالب علم کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کافی شدید ردِ عمل سامنے آ رہا ہے جہاں
طالبِ علم کو تشدد کرکے ہلاک کیے جانے کی کڑے الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔ اس وقت ٹوئٹر پر مردان اور ہلاک ہونے والے طالب علم مشعل خان کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔ بعض سوشل میڈیا صارفین کا موقف ہے کہ توہینِ مذہب کو اب ہتھیار کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایک صارف نے ٹویٹ کیا ’سچ تو یہ ہے کہ توہینِ مذہب ایک ہتھیار ہے جسے کوئی بھی کسی کے بھی خلاف استعمال کر سکتا ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے واقعے کی خبر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ہم سب عفریت ہیں ، ہم نے عفریت پیدا کر دی ہیں۔ ہمارے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔‘

 

سماجی کارکن جبران ناصر نے ٹویٹ کیا کہ ’ممتاز قادری کی تعریف کرنے اور دوسروں کو ایسے ہی اقدام کرنے پر اکسانے والے علما ایسے معاشرے کے لیے ذمہ دار ہیں جہاں ایک ہجوم یونیورسٹی میں داخل ہو کر ایک طالب علم کو ہلاک کر دیتا ہے۔‘

جبران ناصر نے قتل کیے جانے والے طالب عمل مشعل خان کی حال ہی میں کی گئی ٹیوٹ کو بھی ری ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا تھا ’یا تو مجھے لاعلمی سے نواز دے یا مجھے اتنی طاقت دے کہ میں علم کو برداشت کر سکوں۔‘

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے ’میں مردان میں طالب علم کے قتل کے حوالے سے گذشتہ رات سے کے پی کے آئی جی سے روبطے میں ہوں۔ جنگل کا قانون نہیں چل سکتا۔‘

 

ایک صارف ضرار کھوڑو نے لکھا ’پیارے حکمرانو جس آگ کو آپ لوگ ہوا دے رہے ہیں اس میں پہلے ہماری جھونپڑیاں اور گھر جلیں گے لیکن تمہارے محل بھی اسی میں جل جائیں گے۔‘

 

صحافی احمد نورانی نے ٹویٹ کیا کہ ’یہ وقت کے پاکستانی سامنے آئیں اور ان اینکرز، کالم نگاروں اور ججوں کو ایک مثال بنا دیں جو شہریوں پر توہینِ مذہب کے جھوٹے الزامات عائد کرتے ہیں۔‘

سماجی کارکن ماروی سرمد نے لکھا ہے کہ انھوں نے مردان واقعے کی ویڈیو دیکھی جو دل دہلا دینے والی تھی۔ ’بدقسمتی سے ریاست نے خود ہی اس آگ کو ہوا دی ہے۔ یہ آگ ہماری دہلیز پر تیزی سے پہنچ رہی ہے۔‘

 

ایک سوشل میڈیا صارف ماہا نے ٹویٹ کیا کہ ’تصور کریں کہ مذہب کہ ہاتھوں کوئی اتنا بے حس اور اندھا ہو جائے کے اپنے سامنے ایک ہجوم کے ہاتھوں کسی کو قتل ہوتا دیکھے، کیا یہ تشویش ناک بات نہیں‘۔

ٹوئٹر ہینڈل عبدالمجید خان نے لکھا کہ ‘ہم جنگجوؤں کے خلاف منفرد نام رکھ کر آپریشن کر سکتے ہیں اور ان میں کامیابی کا دعویٰ بھی کر سکتے ہیں لیکن ہم نفرت کے بارے میں کیا کریں گے؟’

ایک اور صارف ہارون رشید لکھتے ہیں’اس کو واقعہ کہنا بند کرو۔ یہ ایک اشتعال انگیزی پر مشتمل اندوہناک قدم ہے۔’

 

نگہت داد نے ٹویٹ کیا کہ ‘مجھے بہت افسوس ہوا ہے۔ ہم کیا جانور بن گئے ہیں۔ ان کو ہجوم مت کہو وہ یونیورسٹی کے طلبہ تھے جو سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی تھے۔’

ایک صارف عمران غزالی نے لکھا ہے کہ ’مردان خاموش ہے اور پریشان ہے۔ پاکستان کے لوگوں کچھ رحم کرو؟ شرم کرو؟ انسانیت دکھاؤ؟‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32286 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp