بین الاقوامی این جی اوز کو رجسٹریشن تک کام کرنے کی اجازت


\"chaudaryوفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نئی پالیسی کے تحت بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (آئی این جی اوز) کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لائیں۔
چوہدری نثار کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے والی بین الاقوامی، غیر سرکاری تنظیموں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے عمل کے مکمل ہونے تک اپنا کام جاری رکھ سکتی ہیں۔چوہدری نثار نے آئی این جی اوز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وزارت کے سیکریٹری کو نادرا کے تعاون سے ایک خصوصی سیل بنانے کی ہدایت بھی کی۔
مذکورہ اجلاس، جس میں وزارت داخلہ کے سول ڈیپارٹمنٹ کے تمام سربراہان نے شرکت کی، میں وزارت کے تمام شعبوں کی کارکردگی، نئی پالیسی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت، خاص طور پر نجی سکیورٹی کمپنیز کے حوالے سے، گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے، اسلحہ لائسنس کے اجرا اور دیگر متعلقہ مسائل کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے 8،500 نام خارج کیے گئے ہیں جبکہ 3،100 نام مذکورہ فہرست میں اب بھی موجود ہیں۔
نادرا کے چیئرمین نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ نادرا نے گزشتہ سال 6 ارب روپے منافع حاصل کیا ہے جبکہ سال 12-2011 میں ادارے کو 1 ارب 68 کروڑ کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
نادرا کے چیئرمین نے کہا کہ 2015 خدمات اور آپریشنل مہارت کی فراہمی، مجموعی کام کی صلاحیت میں بہتری، کرپٹ اور غیر فعال عناصر کی صفائی کی جانب ایک اور کامیابی کا اہم سال تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا، ادارے کے حوصلے سے سرشار اور ایماندار کارکنوں کو فوائد دینے کی اپنی پالیسی جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ کرپٹ اور بے ایمان عناصر کے خلاف کارروائی کوبھی یقینی بنائے۔اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ سیف سٹی منصوبے پر عمل کا جلد آغاز کیا جائے گا۔چوہدری نثار نے وزارت داخلہ کو تجویز دی کہ وہ اہم امور کے لیے ذمہ دار افسران کو تعینات کریں.


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments