میاں صاحب بس کریں اب استعفی دے دیں


میاں صاحب آپ بابے غلام اسحق کی چلاکیوں سے تنگ آ کر ایک تاریخی تقریر کر بیٹھے تھے۔ وہی ڈکٹیشن نہیں لوں گا استعفی نہیں دوں گا وغیرہ وغیرہ والی۔ اس تقریر کے چوبیس گھنٹوں کے اندر بابے غلام اسحق نے اسمبلی بھن توڑ دی تھی۔ آپ کی حکومت سپریم کورٹ نے بحال کر دی تھی۔ جسٹس نسیم حسن شاہ صاحب اس سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ پانامہ کیس کو سننے والے بنچ کے سربراہ جسٹس کھوسہ انہیں شاہ صاحب کے داماد ہیں۔

شاہ صاحب نے میاں صاحب کے وکیلوں کی باتوں میں آ کر تب ان کی حکومت بحال کر دی تھی۔ جسٹس کھوسہ نے اپنی بیگم کے ابو جی کی تاریخی غلطی درست کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ ابھی تک ہمارے ہوشیار میڈیا کو یہ سمجھ نہیں آئی کہ جسٹس کھوسہ نے میاں صاحب کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا بولا ہے یا ڈس کوالیفائی کرنے کا کہا۔ تین جج حضرات نے کھوسہ صاحب سے اتفاق نہیں کیا جبکہ ایک جج صاحب نے کہا کہ یہی کرو جو کھوسہ صاحب کہہ رہے۔

پانامہ کیس پر فیصلہ آ گیا ہے فیصلہ یہ آیا ہے کہ ہم کسی فیصلے پر نہیں پہنچے۔ ایک جائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم بنائی جائے۔ جو تحقیقات کرے میاں صاحب اور ان کے بچوں سے۔ یہ تحقیقاتی رپوٹ ہر دوسرے ہفتے عدالت میں جمع کرائی جائے۔ دو مہینے میں یہ تحقیقات مکمل ہوں گی اس کے بعد اصل فیصلہ آئے گا۔

اب آگے مقامات آہ فغاں کے ساتھ کافی سارے سپیڈ بریکر آتے ہیں تو دھکا سٹارٹ سی بات ہو گی۔ پر کوئی گل نہیں ہمارے بھی اک دو قریبی عزیز فوجی بینڈ میں ترترو بجاتے ہیں۔ ڈرتے ورتے اگر ہیں بھی تو دوڑ لگا کر غائب ہونے میں منٹ نہیں لگاتے۔

میاں صاحب چھوڑیں سول بالادستی کی باتیں۔ کشمیر بھی جنگ سے ہی آزاد ہو گا رس کا پیالہ پینے کے لالچ میں افغانستان کے بیلن مین گنا رکھنا۔ کچھ کتر بیونٹ کرتے رہنا، کچھ کرید پڑتال کرتے رہنا ہم پر واجب ہے۔ نہ آپ سکون کرتے ہیں یہ باتیں کرنے سے ان بھڑوں کے چھتے میں ہاتھ ڈالنے سے۔ نہ آپ کی سرکار کا نازک وقت کہیں جاتا ہے مستقل آپ کو گھیرے رکھتا ہے۔

اب بند کریں یہ باتیں ہمسائیوں سے دوستی اور اچھے تعلقات وغیرہ کی۔ جائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کے کسی رکن کو غصے میں آ گیا تو پانامہ نہر کے پانی میں آپ کا رائے ونڈ تیر رہا ہونا ہے۔ استعفی دیں گھر جائیں کپتان کو آنے دیں کہ ہم عمران خان کے جلسے میں نچ کر خوشیاں منائیں۔ ویسے بھی کپتان کو اب ایک چھوڑ دو انگلیاں مل گئی ہیں نظام گرانے کو، بس انگلی اٹھنے کا انتظار ہے۔ کم بخت یہ انتطار ختم ہی نہیں ہوتا۔۔۔ آپ ہی کچھ خیال کریں ہمارا۔۔۔ استعفٰی دے دیں۔

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi