ہماری مسلسل جدوجہد سے ملک میں تبدیلی آچکی ہے، عمران خان


پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو صوبے میں افراتفری تھی، ادارے تباہی کی طرف جارہے تھے، کھیلوں کے میدان ویران ہوچکے تھے، امن و امان کی صورتحال انتہائی ناقص ہونے کی وجہ سے کوئی کام شروع کرنے سے پہلے 100 بار سوچنا پڑتا تھا لیکن نوجوانوں نے ہماری مدد کی۔ ہماری مسلسل جدوجہد کے بعد  پورے ملک میں کرپشن کے خلاف تحریک چل چکی ہے اور آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں تبدیلی آچکی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیل مقابلے کا فن اور زندگی میں ہار جیت سکھاتا ہے، زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں، ہربڑی کامیابی کے لئے اتنی ہی محنت درکار ہوتی ہے، میں نے کرکٹ میں محنت کی اور پاکستان کو ورلڈ کپ کا تحفہ دیا شوکت خانم اسپتال بھی اسی محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا حکومت کی جانب سے یوتھ گیمز کا انعقاد ثابت کرتا ہے کہ ہمیں نوجوانوں سے کس قدر محبت ہے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہے ہم انہیں جرائم سے دور کرکے میدانوں میں لائیں گے اور میرٹ پر مستقبل دکھائی دے گا صوبے میں متعدد گراؤنڈ تیار ہوچکے ہیں اور آئندہ سال 100 مزید میدان مکمل ہوجائیں گے اور پھر صوبے کے کونے کونے میں کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).