مشال خان قتل کیس ، 6 ملزموں کا اعتراف جرم


مشال خان قتل کیس ، واقعے میں ملوث چھ ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ نئی جے آئی ٹی میں ایم آئی ، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سپریم کورٹ نے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔ مشال خان قتل ازخود نوٹس کی سماعت میں عدالتی آبزرویشن کے بعد جے آئی ٹی تبدیل کر دی گئی ، 6 ملزمان نے واقعے میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی تعداد 36 ہو گئی۔ سپریم کورٹ نے پولیس کی اب تک کی تحقیقات پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ نئی جے آئی ٹی میں ایم آئی، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو شامل کیا گیا ہے ، مشال خان کو تین گولیاں لگیں ، شواہد فرانزک ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں ، مرکزی ملزم کی نشاندہی ہوگئی تاہم ابھی تک گرفتار نہیں ہوا۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جے آئی ٹی میں تبدیلی ایک اچھی پیش رفت ہے ، عدالت کا کام تحقیقات یا شواہد اکٹھا کرنا نہیں ، دو ہفتوں میں تحقیقات سے متعلق مزید پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).