ڈان لیکس: حزب اختلاف کی نواز حکومت پر تنقید


ڈان لیکس سے متعلق تحقیقات کی روشنی میں حکومتی فیصلے اور اس پر فوج کے ردعمل پر پاکستان کی حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر حکومت کا رویہ شروع سے ہی مناسب نہیں تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’میں بھی بطور قائدِ حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کی طرف سے ڈان لیکس سے متعلق حکومتی فیصلے کو مسترد کرتا ہوں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہت حساس تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ایک رپورٹ پر ایکشن ہو چکا ہے تو اب کون سی رپورٹ آنی ہے اور کس رپورٹ پر ان دو افراد برطرف کیا گیا ہے۔‘

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے ’ڈان لیکس پاکستانی فوج کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش تھی اور حکومت فوری طور پر مکمل انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائے۔‘

ڈان لیکس سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے جس طرح اس معاملے کو ہینڈل کیا ہے وہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ان کا کہنا تھا’ اوّل تو یہ معاملہ ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔ پاکستان قوم اور فوج نے اس پر بہت شرمندگی محسوس کی۔‘

’کمیشن کے سربراہ بھی پہلے دن سے متنازع تھے کیونکہ ان کا تعلق وزیرِ اعظم کے خاندان سے کافی قریبی تھا، پھر پانچ ماہ اس کی رپورٹ نہیں آئی۔ بار بار فوج کے سربراہ نے انہیں یاد کروایا۔ یہ معاملہ بار بار مختلف فورمز پر اٹھایا گیا لیکن حکومت نے اس پر قابلِ قدر ردِ عمل نہیں دیا۔‘

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا ’اب جن لوگوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہ اتنا اہم نہیں ہے۔ ’سوال یہ ہے کہ کیا یہ دونوں اتنے جونیئر درجے کے افسر افواج پاکستان کے خلاف یا ملکی ساکھ کے خلاف خبر چھپوا سکتے ہیں؟‘قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ ’کوئی ذی شعور یہ ماننے کو تیار نہیں کہ پالیسی ساز سطح پر مشورے یا اجازت کے بغیر کوئی بھی یہ خبر چھپوا سکتا ہے۔ ‘ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ فوج کی جانب سے اتنی سختی سے حکومتی فیصلوں کو مسترد کیا جانا ایک ’لمحۂ فکریہ‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا ’فوج کا اتنا واضح جواب اس بات کا اعتراف ہے کہ حکومت کا رویہ ان کے لیے ناقابلِ قبول ہے‘۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عارف علوی نے بھی ڈان لیکس کے معاملے پر حکومتی تحقیقات کو غیر شفاف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اس معاملے میں ملوث بڑے لوگوں کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے جبکہ چھوٹے لوگوں کو پکڑا جا رہا ہے اور سزا دی جا رہی ہے۔‘ عارف علوی نے کشیدہ حالات اور انڈین صنعت کار سجن جندل کی پاکستان آمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے شخص کو جو پاکستانی فوج کے بارے میں اشتعال انگیز بیان دیتا ہے اس کے بارے میں مریم نواز کہتی ہیں کہ وہ ہمارے پرانے خاندانی دوست ہیں۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اپنے رویے کی وجہ سے آگ سے کھیل رہے ہیں جس کی قیمت پاکستان کو ادا کرنی پڑے گی۔ ‘

(تابندہ کوکب)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp