آزاد کشمیر کے لیے قومی صحت پروگرام کا افتتاح


\"prime\"وزیراعظم محمد نوازشریف نے آزاد کشمیر کے لیے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کردیا۔مظفرآباد میں ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ قومی صحت پروگرام کا آغاز مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے۔وزیراعظم نے قومی صحت پالیسی کو حکومت کے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت عرصے سے اس منشور پر کام کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ غربت کے باعث علیل لوگ 10 ،10 سال تک علاج کرانے سے قاصر رہتے ہیں، حتیٰ کہ ہمارے معاشرے میں لوگوں کو علاج کے لیے جائیداد اور زیورات تک بیچنے پڑ جاتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں توفیق عطا فرمائی کہ عوام کی خدمت کرسکیں اور حکومت غریبوں کو باعزت علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان سے بیماری، غربت، جہالت اور بےروزگاری کے خاتمہ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام میں آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد اور کوٹلی شامل ہیں، جس سے بالترتیب 82 ہزار اور 79 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔مخصوص افراد کے موجودہ اخراجات جانچنے کے لیے آزاد جموں و کشمیر میں بنیادی سروے پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔
اس پروگرام کا افتتاح وزیراعظم نے گزشتہ برس 31 دسمبر کو اسلام آباد میں کیا تھا۔
یہ سکیم غریب خاندانوں کے لیے ثانوی اور ترجیحی نوعیت کی بیماریوں کے مفت علاج کے لیے تیار کی گئی ہے، جس کے تحت سالانہ 3 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، جنہیں بڑھا کر 6 لاکھ روپے کیا جاسکتا ہے۔پہلے مرحلے میں پاکستان کے 23 اضلاع میں اسی پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
قومی صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان، وزیرمملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازشریف اور دیگر حکومتی عہدیداران بھی شریک ہوئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments