اداکارہ و اسٹیج ایکٹرس نرگس نے توبہ توڑ دی


پاکستان کی معروف اداکارہ و اسٹیج ایکٹرس نرگس ایک بار پھر عوام کے سامنے پرفارمنس پیش کرنے کو تیار ہو گئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مشہور اسٹیج اداکارہ نرگس نے عید پر مختلف سٹیج ڈراموں میں نظر آئیں گی جس کے لئے انہوں نے پروڈیوسر اسحاق چوہدری کے ساتھ 50 لاکھ روپے میں معاہدہ طے کیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق مشہور اداکارہ نرگس اور محفل تھیٹر کے پروڈیوسر اسحاق چوہدری کے درمیان شالیمار تھیٹر میں پروڈیوسر سخی سرور اور محمد عرفان کی موجودگی میں عید پر ہونے والے سٹیج ڈرموں کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے کیلئے نرگس نے 50 لاکھ روپے معاوضہ طلب کیا ہے

واضح رہے کہ سٹیج اور فلم کی ڈانسنگ کوئن نرگس نے اکتوبر 2012 میں معروف دینی سکالر اور مبلغ مولانا طارق جمیل کے دست حق پرست ہر اداکاری، رقص، ڈراموں سے توبہ کر لی تھی۔ انہوں نے اس موقع پر قران پاک اٹھا کر عہد کیا تھا کہ اب وہ اداکاری کی بجائے عالمہ بنیں گی۔ اکتوبر 2012 میں چند مہینے بیرون وطن گزارنے کے بعد محترمہ نرگس، جن کا حقیقی نام غزالہ ہے، پبلک میں نمودار ہوئیں تو انہوں نے شرعی اسکارف پہن رکھا تھا۔

ان دنوں محترمہ نرگس پر کچھ قانونی مقدمات چل رہے تھے۔ اس ضمن میں انہوں نے 25 اکتوبر 2012 کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہزاد نامی تاجر کے قتل کے لئے پیسے دینے کا الزام غلط ہے۔ علی رضا شیرازی سے ان کی فون کالز کی رپورٹ نکلوائی جائے۔ انہوں نے اقرار کیا تھا کہ محترم جونا بٹ صاحب سے ان کی اچھی سلام دعا ہے لیکن انہوں نے کبھی کسی کا برا نہیں سوچا۔ اکتوبر 2012 میں محترمہ نرگس نے اعتراف کیا تھا کہ وہ 37 برس کی ہو چکی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ فیلڈ (پرفارمنگ آرٹ فیلڈ) کا کوئی بندہ ان سے رابطہ نہ کرے۔ وہ اب مزید بدنامیاں مول لینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے مولانا طارق جمیل سے حج کے مقدس موقع پر عالمہ بننے کا عہد کر لیا تھا۔

دوسری طرف تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں کے نامی گرامی افراد کا دعوی ہے کہ نومبر 2016 سے سٹیج کی بے تاج بادشاہ صائمہ خان اور اداکارہ نرگس کے اسٹیج ڈراموں میں زبردست مقابلہ شروع ہو چکا ہے۔ صاحبان ذوق کے لئے فن کی ان دو اپسراؤں میں موازنہ مشکل ہو رہا ہے۔ دونوں کو نمبر ون قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کئی برس کے بعد صائمہ خان اور نرگس ایک ہی وقت میں ڈرامہ کر رہی ہیں۔ صائمہ خان کا ڈرامہ الفلاح تھیٹر میں “سوہنی من موہنی” کے نام سے جاری ہے۔ جب کہ لیجنڈری اداکارہ نرگس تماثیل تھیٹر میں “شباب چوک” کے عنوان سے ڈرامہ کر رہی ہیں۔ شایقین کا جوش نیز خروش عروج پر ہے۔ صائمہ خان کا کہنا ہے کہ شائقین جسے پسند کریں وہی نمبر ون اداکارہ ہوتی ہے۔ دوسری طرف نرگس کا کہنا ہے کہ لاہورکے شائقین نے مجھے پہلے بھی پیار دیا تھا اورآج بھی میرے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ محترمہ نرگس کچھ برس سے کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں بیوٹی پارلر چلا رہی تھیں۔ کینیڈا روانگی سے قبل انہوں نے پاکستانی فلموں میں کام کیا لیکن انہیں مجرے اور رقص سے شہرت ملی۔ 1970 میں پیدا ہونے والی نرگس نے فیصل آباد اور گوجرہ جیسے تھیٹر کے عالمی مراکز میں اپنے فن کا سکہ جما رکھا ہے۔ انہوں نے مقبول رقص کی اصناف میں کئی فنی اور ہیجان انگیز اضافے کئے ہیں۔ فنون لطیفہ کے شائقین محترمہ نرگس کی طرف سے فنی کنارہ کشی کو خیرباد کہنے کا جوش و خروش سے خیر مقدم کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).