فلم باہو بلی کی کامیابی اور سوشل میڈیا پر ہندو مسلم کی بحث


انڈیا کی مختلف زبانوں میں ریلیز ہونے والی فلم ‘باہوبلی -2’ اب تک کمائی کے لحاظ سے کئی ریکارڈز قائم کر چکی ہے۔ یہ دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کما چکی ہے اور ناظرین اس کی تعریف کے پل باندھ رہے ہیں۔ کوئی اسے ہالی وڈ کو ٹکر دینے والی فلم کہہ رہا ہے تو کوئی اس کا مقابلہ معروف فلم ‘گلیڈیئٹر’ سے کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ ‘باہوبلی-2’ کی تعریف میں خاص مذہبی رجحان بھی شامل ہے اور ایک طبقے کا کہنا ہے کہ یہ ہندوؤں کی فلم ہے۔ باہوبلی-2 فلم کے ڈائریکٹر، اداکار اور زیادہ تر سٹار کاسٹ ہندو ہیں۔ فلم کے کردار ہندو دیوی دیوتاؤں کی پوجا کرتے بھی نظر آتے ہیں۔ ایسے میں کچھ لوگوں نے فلم کی کامیابی اور مذہب کے درمیان رشتہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ باہوبلی میں ہندو رسم و رواج کو پیش کیا گيا ہے

بہر حال سوشل میڈیا میں اس کے متعلق گرما گرم بحث جاری ہے اور ایسے میں بالی وڈ کے معروف اداکاروں عامر خان، سلمان خان، شاہ رخ اور سیف علی خان کے ساتھ دوسرے مسلم اداکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جب فلم ‘باہوبلی’ کا پہلا حصہ آیا تھا اس وقت بھی اس نے اچھی کمائی کی تھی اور سوشل میڈیا پر اسے ہندو فلم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور عامر خان کی فلم ‘پی کے’ کی تنقید کی گئی تھی جس میں بظاہر ہندو مذہب کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس میں ایک پاکستانی کردار کو بھی پیش کیا گیا تھا۔

‘باہوبلی’ کو ہندوؤں کی فلم کہنے والے بہت سے لوگوں کا الزام ہے کہ بالی وڈ میں خان اداکار ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کرتے ہیں۔ وہ یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ ‘باہوبلی’ نے ہندوؤں کے وقار کو بلند کرتے ہوئے ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔

سوشل میڈیا پر عامر، سلمان اور شاہ رخ خان پر طنز کیا جا رہا ہے بالی وڈ کو ایک زمانے سے منقسم کرنے اور اسے ہندو اور مسلمان اداکاروں کی عینک سے دیکھنے اور پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسے لوگوں کو شاید یہ علم نہیں کہ انڈیا کے معروف ترین ٹی وی سیريل ‘مہا بھارت’ کی سکرپٹ اور اس کے مکالمے ایک مسلمان راہی معصوم رضا نے لکھے تھے۔

انھیں شاید 1997 میں ٹی وی پر آنے والا سیریل ‘ہنومان’ بھی یاد نہیں جسے ایک مسلمان سنجے خان نے پیش کیا تھا۔ بالی وڈ کے کئی مشہور بھجن لکھنے والے بھی مسلمان تھے اور ان کو گانے والوں میں محمد رفیع جیسے گلوکار اور ادا کرنے میں دلیپ کمار جیسے اداکار شامل تھے۔ محمد رفیع کے گائے گیت ‘من تڑپت ہری درشن کو آج’ اس کی ایک مثال ہے۔

ٹوئٹر ہینڈل CHAVANDNYANES19@ نے لکھا: ‘پیسہ کمانے کے لیے ہندو مخالف فلم بنانا ضروری نہیں۔ باہو بلی نے بالی وڈ کو یہ کر کے دکھایا ہے۔’

انکت تامولي نے لکھا: ‘ہندو کی توہین کر کے اگر 100 کروڑ روپے کما لو گے تو ہندوتوا کا احترام کرتے ہوئے آپ ایک دن میں اتنا کما سکتے ہو۔’

انجنا سنگھ لکھتی ہیں: ‘باہو بلی ہندو فلم ہے۔ فلموں کو بھی مذہبی بنیاد پر تقسیم کر دیا۔’

ٹوئٹر پر ہندو ہندوتوا رام ہینڈل نے ‘باہوبلی -2’ کی ریلیز سے پہلے ٹویٹ کیا تھا: ‘صرف ہندو ہیرو کی فلمیں دیکھیں۔ ہندو ہیرو کا احترام کریں۔’

ایش نے ٹویٹ کیا: ‘خان ایکٹرز کی فلموں کے فین باہو بلی -2 سے کیوں جل رہے ہیں؟ مجھے اس بات کا فخر ہے کہ ایک بھارتی فلم پوری دنیا میں اتنا اچھا پرفارم کر رہی ہے، جو آج تک کوئی نہیں کر پایا۔’

انکت لکھتے ہیں: ‘باہوبلی فلم کے شو کے دوران جتنے کی پاپ کارن فروخت ہوئی، اتنی شاہ رخ خان کی ریلیز ہوئی آخری فلم کی کل کمائی تھی۔’

ماہی نے ٹویٹ کیا: ‘ڈیر خان بھائیوں، ہمیں تمہاری ‘رئیس’، ‘رنگون’ اور ‘پی کے’ نہیں چاہیے. ہمیں باہو بلی جیسی فلمیں چاہیے۔ باہو بلی -2 کا اثر آپ دیکھ ہی سکتے ہیں۔’

مینک نے لکھا: ‘بھگوان کا مذاق اڑا کر جتنا پیسہ خان کماتے ہیں، اتنا باہو بلي -2 نے کما لیا ہے۔’

سومو ٹویٹ کرتے ہیں کہ ’ سلمان، عامر اور شاہ رخ تینوں کی فلم مل کر بھی زندگی میں کبھی باہو بلی کا فرسٹ ڈے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکتی۔‘

جبکہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ مذہب نہیں، فلم دیکھیے۔

عادل نے ٹویٹ کیا: ‘یہ بہت سنگین بات ہے کہ آپ باہو بلی پر تنقید تک نہیں کر سکتے۔ کیونکہ ہندو مذہب خطرے میں ہے۔’

salmanrules@ لکھتے ہیں: ‘باہوبلی ابھی پیدا ہونے والا بچہ ہے، جس میں ایک سپر سٹار ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ مقابلے غلط ہیں۔ باہوبلی کو سلمان خان سے برابری کے لیے بہت سے جنم لینے ہوں گے۔’

نفیس اختر نے لکھا: ‘مسلمان یہ جاننے میں مصروف ہیں کہ باہوبلی کو كٹپپا نے کیوں مارا؟ ہاں ٹائم ملا پھر دیکھیں گے کہ پہلو خان کو کس نے مارا؟’

دیبی پرساد شرما نے لکھا: ‘باہوبلی چاہے جو بھی حاصل کرلے لیکن عامر خان کو ہمیشہ ریکارڈ بنانے کے لیے یاد کیا جائے گا۔ چین میں دنگل کی کمائی بھول گئے کیا؟’

‘باہو بلی-2’ کی ایک تصویر فوٹو شاپ کے بعد ‘بابو علی-2’ کے نام سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے۔

(مرزا اے بی بیگ)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp