سول ملٹری تعلقات حساس معاملہ ہے اسے تماشا نہیں بنانا چاہیئے، چوہدری نثار


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جانے والوں کے لیے این او سی کی شرط ختم کردی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جلد جاری کر دیا جائے گا تاہم غیر ملکیوں کو گلگت بلتستان جانے کے لیے این او سی لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ساڑھے 3 لاکھ شناختی کارڈز بلاک کئے گئے جس میں سے ایک لاکھ 46 ہزار شناختی کارڈ عارضی طور پر بحال کیے جا رہے ہیں، جن افراد کے شناختی کارڈز بلاک کئے گئے ان میں سے تقریبا 10 ہزار پاکستانیوں نے خود کو افغان شہری بھی رجسٹرد کروا رکھا تھا، اس کے علاوہ 33  ہزار پاسپورٹ بھی منسوخ کر چکے ہیں لیکن ایک کی بھی اپیل نہیں آئی۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نیوز لیکس انتا بڑا معاملہ نہیں تھا جتنا اسے بنا دیا گیا تھا، اگر حکومت نے نیوز لیکس کی رپورٹ چھپانی ہوتی تو کمیٹی ہی نہ بنائی جاتی، اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ نیوز لیکس کی رپورٹ باہمی اتفاق رائے کے بعد جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات حساس معاملہ ہے اس کا تماشا نہیں بنانا چاہیئے اور نہ ہی اس معاملے پرسیاست نہیں ہونی چاہیئے۔ پوری دنیا میں سول ملٹری تعلقات پر سیاست نہیں ہوتی لیکن پاکستان میں ہوتی ہے، عوام اور ملک کو مسائل کا سامنا ہے اس پر بات کریں اور سیاست کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).