عمران خان کی ایبٹ آباد آمد پر بابا سردار حیدر زمان احتجاج کریں گے


تحریک صوبہ ہزارہ نے 14 مئی کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ایبٹ آباد آمد کے موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ تحریک صوبہ ہزارہ اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے اس روز فوارہ چوک میں دھرنا دے گی، تاجروں نے بھی تحریک صوبہ ہزارہ کی حمایت کرتے ہوئے شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کر دیا، تحریک صوبہ ہزارہ نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار فدا حسین نے یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جماعت نے 12 اپریل کو اپنے آٹھ مطالبات پیش کئے تھے جن پر ابھی تک کسی پر عمل درآمد نہیں ہوا، کل تک ہمارے ساتھ بیٹھ کر شہداء کی ایف آئی آر کا مطالبہ کرنے والے آج حکومتی ایوانوں میں جا کر شہداء کی ایف آئی آر کیوں بھول گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا 14 مئی کو ایبٹ آباد آمد کے موقع پر راستہ روکیں گے، ہمارے مطالبات پورے کر دیئے گئے تو احتجاج ختم کر دیں گے، تحریک انصاف کے قائدین سونامی کا غرور دل سے نکال لیں، سونامی پہاڑوں سے ٹکرا کر پاش پاش ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان بھی جماعت کو چھوڑ کر ماں دھرتی کے ساتھ کھڑے ہو جائیں اور ہزارے وال قوم کے حق کیلئے آواز بلند کریں، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہزارہ کی عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے منشور میں نئے صوبہ بنانے کی شک شامل ہے اور تحریک انصاف کے قائد نے جلسوں میں صوبہ ہزارہ بنانے کا اعلان کیا تھا، دونوں جماعتیں اپنے منشور اور نعروں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہو گئی ہیں۔
بابا حیدر زمان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں رشوت اور کرپشن بدستور جاری ہے، صوبہ میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی ہے، غیر مقامی لوگوں کو بھرتی کر دیا جاتا ہے، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہر فائل کرپشن کی داستان بیان کرتی ہے، گلیات کے کیبن مالکان اور سکی کناری ڈیم کے متاثرین کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ تاجر رہنما سردار شاہنواز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 مئی کو شہر کے تمام تاجر شٹر ڈائون ہڑتال کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).