کوٹ مومن کی اسسٹنٹ کمشنر عفت النسا کا سرکاری موقف


کوٹ مومن کی اسسٹنٹ کمشنر عفت النسا نے کل گیارہ مئی 2017 کو گورنمنٹ ڈگری کالج کوٹ مومن میں ہونے والی واقعے پر مندرجہ ذیل انسی ڈینٹ رپورٹ کمشنر سرگودھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سرگودھا اور ڈائریکٹر کالجز سرگودھا کو پیش کی ہے جس کی کاپی ہمارے ذرائع نے ہمیں فراہم کی ہے تاکہ عفت النسا صاحبہ کا موقف بھی عوام کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

———–

عنوان: انسی ڈینٹ رپورٹ

آج مورخہ 11.05.2017 بوقت 10.30 بجے دن زیر دستخطی بسلسلہ چیکنگ امتحانی سنٹر گورنمنٹ کالج چک نمبر 09 جنوبی تحصیل کوٹ مومن ضلع سرگودھا پہنچی۔ دوران چیکنگ امتحانی سینٹر کے انچارج اظہر علی شاہ لیکچرر نے زیر دستخطی کو روکا کہ آپ کس اختیار کے تحت سنٹر چیک کرنے آئی ہیں آپ تو سنٹر چیک کرنے کا اختیار ہی نہیں رکھتی ہیں۔ آپ گریڈ 17 کی آفیسر ہیں جبکہ ہم لوگ گریڈ 19 اور 20 کے افسران ہیں لہذا آپ کسی قانون کے تحت بھی ہمیں چیک نہ کر سکتی ہیں۔ اس بات کی اُس کو وضاحت کرنے کے لئے زیر دستخطی نے کالج کے پرنسپل صاحب (سے) بات کرنے ان کے دفتر میں گئی تو معلوم ہوا کہ پرنسپل صاحب تو آج کالج نہ آئے ہیں بلکہ غیر حاضر ہیں۔ زیر دستخطی نے پرنسپل صاحب سے ٹیلیفون پر بات کی کہ اظہر علی شاہ ایسا کیوں کر رہا ہے اور ان کے نوٹس میں یہ ساری بات لائی تو اظہر علی شاہ لیکچرر طیش میں آ گیا اور اپنے ساتھی اساتذہ کو بلوا کر زیر دستخطی کا گھیراؤ کر لیا اور زیر دستخطی کے ساتھ اونچی اونچی آواز میں بدتمیزی شروع کر دی۔ جس پر اپنے دفاع کے لئے زیر دستخطی کو پولیس طلب کرنا پڑی۔ پولیس کی مداخلت پر زیر دستخطی کو گورنمنٹ کالج سے باہر نکالا گیا۔

بعد ازاں تقریباً 02.30 بجے دن اظہر علی شاہ لیکچرر، پروفیسر محمد بخش پرنسپل، پروفیسر طارق کلیم ہمراہ 15/20 پروفیسرز صاحبان و عملہ کالج جلوس کی شکل میں نزد کچہری کوٹ مومن معظم آباد سرگودھا روڈ پر آئے اور روڈ بلاک کر دی اور رہائش گاہ زیر دستخطی کے مین گیٹ پر آ کر گیٹ کو ٹھڈے مارے اور زور زور سے آوازیں دیتے رہے کہ باہر نکلو آج ہم تم سے نمٹ لیتے ہیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر طارق کلیم جو سب سے زیادہ مشتعل تھا، نے زیر دستخطی کے گیٹ کو بار بار ٹھڈے مارے اور گالیاں بکتا رہا اور طرح طرح کے نازیبا الفاظ استعمال کرتا رہا۔ مسلسل دو گھنٹے ان لوگوں (نے) زیر دستخطی کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لیے رکھا اور کچہری روڈ کو بلاک کیے رکھا۔ بعد ازاں SHO صاحب کوٹ مومن، صدر و جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کی دو گھنٹے منت سماجت کے بعد انہوں نے مین گیٹ کا گھیراؤ ختم کیا اور ساتھ ہی یہ دھمکی بھی دی کہ کل کالج کے تمام طلبا اور اساتذہ کو اکٹھا کر کے پورے شہر کے روڈ بلاک کر دیں گے اور موٹر وے بھی بلاک کریں گے۔

بمراد اطلاع و مناسب احکام رپورٹ پیش خدمت ہے۔

عفت النسا
اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن

اسی بارے میں: استاد کی دو کوڑی کی عزت اور ڈنڈے والے حاکم 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).