سوشل میڈیا والوں کی اب خیر نہیں: وزیر داخلہ چوہدری نثار


چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں پاک فوج یا اس کے افسران کی تضحیک ناقابل قبول ہے، ملوث اشخاص کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے خواہ ان لوگوں کا تعلق کسی بھی پارٹی، جماعت یا پیشے سے ہو۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو سوشل میڈیا پر پاک افواج کو بلا جواز تنقید و تضحیک کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کا حکم د یتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں پاک فوج یا اسکے افسران کی تضحیک ناقابل قبول ہے، ملوث اشخاص کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے خواہ ان لوگوں کا تعلق کسی بھی پارٹی، جماعت یا پیشے سے ہو۔

اتوار کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو سوشل میڈیا کے ذریعے پاک افواج کو بلا جواز تنقید و تضحیک کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کا حکم دیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار سے متعلق آئین پاکستان یہ واضح کرتا ہے کہ ملکی سیکیورٹی اور ڈیفنس کے معاملات اور متعلقہ اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور کوئی شہری کسی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگا جس سے پاک فوج کے ادارے کے وقار، نیک نامی اور عزت پر حرف آئے،آزادی اظہار کی آڑ میں پاک فوج یا اس کے افسران کی تضحیک ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مخصوص مقاصد کی خاطر پاکستان کے منظم اور باعزت ادارے کو نشانہ بنانا نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ سنگین جرم ہے اور دانستہ یا غیر دانستہ طور پر ایسے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،اس قابل مذمت کاروائی میں ملوث اشخاص کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے خواہ ان لوگوں کا تعلق کسی بھی پارٹی، جماعت یا پیشے سے ہو۔


Comments

'ہم سب' کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ کمنٹ کرنے والا فرد اپنے الفاظ کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور اس کے کمنٹس کا 'ہم سب' کی انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔