ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیت کر پاکستان نے تاریخ رقم کر دی


 

ڈومینیکا کے ونڈسر سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 101 رنز سے شکست دے دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس وقت لازمی اوورز میں صرف چھ گیندیں باقی تھیں۔ میچ کا آخری ایک گھنٹہ ناقابل یقین حد تک سنسی خیز رہا۔

ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں کریگ بریتھویٹ نے چھ، کائرن پاؤل نے چار، شیمرون ہیٹمر نے 25، شئے ہوپ نے 17، وشویل سنگھ نے دو، شین ڈورچ نے دو اور ہولڈر نے 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے چار، حسن علی نے تین، جب کہ محمد عامر اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے میچ کے چوتھے دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 174 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو 129 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ بدھ کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).