ملین مارچ پرشیلنگ، پی ایس پی رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد رہائی


پاک سرزمین پارٹی کا 16 مطالبات کے حق میں ملین مارچ شارع فیصل پر رواں دواں تھا کہ ایف ٹی سی کے قریب پولیس نے کارواں کو آگے جانے سے روکنے کے لئے رکاوٹیں کھڑی کیں تاہم شرکا نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کردیا جب کہ اہلکاروں نے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور رضا ہارون، ڈاکٹرصغیر سمیت دیگر رہنماؤں و کارکنان کو گرفتار کرتے ہوئے تھانے منتقل کیا۔

پولیس نے مصطفیٰ کمال اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو کلا کوٹ تھانے منتقل کیا جہاں کچھ ہی دیر بعد کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تاہم پولیس نے پی ایس پی رہنماؤں کو چند گھنٹے تھانے میں رکھنے کے بعد انہیں رہا کردیا۔

اس سے قبل ایف ٹی سی کے مقام پر پولیس نے روایتی انداز میں طاقت کا استعمال کرتے ہوئے پکڑ دھکڑ آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور واٹرکینن کا استعمال کیا جس کی زد میں نہ صرف کارکنان آئے بلکہ پارٹی رہنماؤں کو بھی اس کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک شیل مصطفیٰ کمال کو بھی جالگا جس سے وہ زخمی بھی ہوگئے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی رہنما اور سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکرشہلا رضا کا کہنا ہے کہ حکومتی رٹ کو جو بھی چیلنج کرے گا اس کے ساتھ یہی سلوک ہوگا، جو بھی قانون توڑے گا اس کو رد عمل کے لئے تیار رہنا چاہئے، جب سندھ میں کچھ ہوتا ہے تو سب پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہیں، جب ہمیں وفاق پانی دے گا تو ہی کراچی والوں کو پانی ملے گا، وفاقی کی جانب سے سندھ کو پانی فراہم نہ کرنے کے خلاف نواز شریف کے خلاف ہمیں کھڑا ہوجانا چاہئے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے پاک سرزمین پارٹی کے ملین مارچ پرپولیس کے تشدد اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل سے لاتعلق صوبائی حکومت کراچی کےعوام کے لئے حقوق مانگنے والوں پر تشدد پر اتر آئی ہے، ایک خالصتاً پرامن سیاسی اجتماع پر اس قسم کا ردعمل سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کے پرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا جب کہ پاکستان کا آئین اور قانون پرامن احتجاج اور مسائل کے حل کے لئے ہرقسم کے سیاسی اجتماع کی مکمل اجازت دیتا ہے۔

گورنرسندھ محمد زبیر نے پی ایس پی کے ملین مارچ کے شرکاء پر پولیس تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت کے ساتھ اپنایا گیا رویہ نامناسب تھا،ان کا احترام ضروری ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کی محرومی ختم کرنے کی بجائے ریاستی طاقت کا استعمال شرمناک ہے، چند سو افراد احتجاج کے لئے باہر نکلیں تو جمہوریت کے ان جعلی دعویداروں کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).