پاکستان اور چین کے مابین گوادر ماسٹر پلان سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط


وزیراعظم نوازشریف کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں پاکستان اورچینی ریلوے کے مابین ایم ایل ون منصوبے اور اپ گریڈیشن کے ڈیزائن کے کمرشل معاہدے سمیت گوادر ایسٹ بے کی تعمیر اور گوادر اسمارٹ سٹی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان کی جانب سے سعد رفیق اور چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی ژیاؤ پنگ نے وفود کی قیادت کی جب کہ گوادر اسمارٹ سٹی معاہدے پر جی ڈی اے کے چیئرمین ثناء اللہ زہری اور سیکرٹری شہریار نے دستخط کئے۔ گوادر ایسٹ بے 6 رویہ شاہراہ ہوگی جس کے ساتھ ریلوے ٹریک بھی ہوگا، گوادر ایسٹ بے بندر گاہ کے ایک طرف سے شروع ہو کر دوسری جانب سے باہر جائے گی جس کے باعث بندرگاہ پر سامان کی نقل و حمل تیز ہو جائے گی۔

تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ گوادر ماسٹر پلان، اسمارٹ سٹی اور ایسٹ بے کی تعمیر کے معاہدے ترقی کی بنیاد بنیں گے، نئے معاہدوں سے بلوچستان اور ملک کی ترقی کی نئی راہ متعین ہو گی جب کہ ایسٹ بے کی تعمیر سے بندرگاہ مکمل آپریشن کے لیے تیار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین اسمارٹ سٹی گوادر کےلیے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں جس سے سرمایہ کاری کی نئی فضا قائم ہوگی جس میں پوری دنیا دلچسپی لے رہی ہے جب کہ دشمن اسی لئے گوادر اور بلوچستان میں امن و امان کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہاہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).