وزیراعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیاں دور کر دیں: گورنر سندھ


\"ishratگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آج سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کردیا۔
کراچی میں گرین لائن منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی میں اضافہ ہوتا رہا لیکن انفراسٹرکچر پر کسی نے توجہ نہیں دی جب کہ 2013 میں شہر کے امن کے لئے وزیراعظم نے اہم قدم اٹھایا جس پر سب نے لبیک کہا اور سکیورٹی فورسز خصوصاًرینجرز نے امن و امان کی اونر شپ لی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کا سہرا تمام سٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے، دہشت گردی پر قابو پانا رینجرز کا کارنامہ ہے اور شہر قائد میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔
گورنر سندھ نے گرین لائن منصوبے پر شاعرانہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بس کا عجب معاملہ تھا،نہ بس چل رہی تھی نہ بس چل رہاتھا، کراچی کوپاکستان کا دل کہتے رہے لیکن اس دل کی حفاظت کسی نے نہیں کی،دل کی شریانیں بند ہوتی گئیں جس پر وزیراعظم نے توجہ دی اور وزیراعظم نواز شریف نے آج سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمی کو ختم کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزٹ کراچی کے عوام کی ضرورت اور خواہش تھی، گزارش ہے نیشنل ہائی وے منصوبے کو بھی مکمل کیا جائے اور آپ آج فیصلہ کردیں کہ سرکلر ریلوے بھی ہم نے بنانی ہے۔
تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی خطاب کیا جن کا کہنا تھا کہ کراچی میں گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں،اس طرح کے 5 مزید منصوبے شہر میں شروع کئے جائیں گے جنہیں آئندہ ڈھائی برسوں میں مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ لاہور سے کراچی کو ملانے والی موٹر وے کو سکھر کے بجائے حیدر آباد سے شروع کیا جائے اور شہر میں پانی کے مسائل کے حل کے لئے بھی پروجیکٹ شروع کئے جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments