مانچیسٹر میں کنسرٹ کے دوران خودکش حملے میں 22 ہلاک، 59 زخمی


برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ مانچیسٹر میں امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ کے موقع پر ہونے والا دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 22 تک پہنچ گئی ہے اور ہلاک شدگان میں بچے بھی شامل ہیں۔

یہ دھماکہ پیر کی شب مقامی وقت کے مطابق دس بج کر 35 منٹ پر اس وقت ہوا جب مانچیسٹر ایرینا میں گلوکارہ آریانا گرینڈے کا کنسرٹ ختم ہی ہوا تھا۔دھماکہ ہال کے بیرونی علاقے میں ہوا جہاں باہر نکلنے والے افراد کا ہجوم موجود تھا۔ مانچیسٹر پولیس نے ابتدائی طور پر اسے دہشت گردی کی ممکنہ کارروائی قرار دیا تھا تاہم منگل کی صبح مانچیسٹر کے چیف کانسٹیبل ایئن ہوپکنز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ حملہ آور ایرینا میں ہی ہلاک ہوا۔ ہمارے خیال میں حملہ آور ایک آئی ای ڈی لے کر آیا اور اس کی مدد سے دھماکہ کر دیا۔’

uk

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘اس موقع پر ہم سمجھتے ہیں کہ اس حملے میں ایک ہی شخص شامل تھا تاہم ترجیح اسی بات کو دی جا رہی ہے کہ آیا یہ اس کا تنہا اقدام تھا یا وہ کسی نیٹ ورک کا حصہ تھا۔’ پولیس کی جانب سے حملہ آور کی شناخت کے بارے میں تاحال کچھ بھی نہیں کہا گیا اور نہ ہی کسی تنظیم یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ منگل کو بھی پولیس نے جائے وقوع کے گرد حصار قائم کیا ہوا ہے اور تحقیقاتی ٹیمیں وہاں سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ یہ برطانیہ میں سنہ 2005 میں لندن کے زیرِ زمین ٹرین نظام پر ہونے والے حملوں کے بعد دہشت گردی کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔

uk

جولائی 2005 میں ہونے والے خودکش بم حملوں میں 52 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس دھماکے میں 59 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج مختلف ہسپتالوں میں جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد متعدد افراد لاپتہ بھی ہیں جن کے لواحقین انھیں سوشل میڈیا کے ذریعے تلاش کر رہے ہیں۔ مانچیسٹر پولیس نے اس سلسلے میں ایک ہنگامی ٹیلیفون لائن بھی قائم کر دی ہے جس کا نمبر 0161 856 9400 ہے۔

کنسرٹ

برطانیہ کی وزیراعظم ٹریزامے نے اس کارروائی کو قابل نفرت قرار دیا ہے اور اپنی انتخابی مہم کو بھی معطل کر دیا ہے۔ برطانیہ کی وزیراعظم منگل کو کابینہ کی ‘کوبرا’ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں جبکہ ملک کی وزیرِ داخلہ ایمبر رڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک ظالمانہ حملہ تھا جس کا ہدف واضح طور پر کمزور افراد کو نشانہ بنانا تھا۔ دھماکے کے بعد جائے وقوع کے نزدیک واقع وکٹوریہ ٹرین سٹیشن کو بند کر دیا گیا اور ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہے۔

blast

پولیس نے اس واقعے کے بعد مقامی وقت کے مطابق شب ایک بجکر 32 منٹ پر کیتھڈرل گارڈن میں ایک کنٹرولڈ دھماکہ بھی کیا تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ وہاں کوئی مشتبہ چیز موجود نہیں تھی۔ مانچسٹر ایرینا جو پہلے ‘مین ایرینا’ کے نام سے موسوم تھا وہ شہر کا سب سے بڑا ہال ہے جہاں تقریباً 18 ہزار افراد کے بیٹھنے کی بیک وقت گنجائش ہے۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت وہاں ہزاروں افراد موجود تھے جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔ دھماکے کے بعد مانچیسٹر میں جہاں ٹیکسی ڈرائیورز نے مفت خدمات فراہم کیں وہیں مقامی آبادی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شہر کے باہر سے کنسرٹ میں آنے والوں کو رہائش کی پیشکش بھی کی گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp