عالمی شہرت یافتہ مصور گُل جی کے قاتلوں کو عمر قید کی سزا


ایڈیشنل جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے معروف آرٹسٹ گل جی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا اور 10 سال کے بعد بالآخر قاتلوں کو 3،3 بار عمر قید کی سزاسنائی گئی۔ سزاپانے والے  ملزمان اکرم اور انورعلی مقتولین  کے گھر میں ملازم تھے اور انہوں نے  مصوری، فن خطاطی اور مجسمہ سازی میں منفرد شہرت رکھنے والے پاکستانی مصور اسماعیل گل جی کو 16 دسمبر 2007 کو اہلیہ اور ملازمہ کے ہمراہ کراچی میں قتل کر دیا تھا۔

مقتولین کی لاشیں 3 روز بعد بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بلاک 3 میں واقع ان کے ذاتی بنگلے سے ملی تھیں ، قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا اور ابتدائی تحقیقات میں مقتولین کا ڈرائیور اور چوکیدار مقتول کی گاڑی کے ہمراہ غائب تھے، 2 ماہ بعد 16 فروری کو کراچی کینٹ اسٹیشن کے قریب واقع مقامی ہوٹل میں ڈرائیور اکرم اور چوکیدار انور علی کو پولیس نے چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا اور دوران تفتیش ملزمان سے مقتول کے قیمتی نایاب فن پارے ، دیگر چوری کا سامان برآمد کیا گیا جبکہ ملزمان نے گاڑی پنجاب میں فروخت کردی تھی۔

پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرادیا تھا اور ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا مقدمہ تاحال سیشن عدالت میں التواکا شکار تھا تاہم اب ملزمان کو آج 10 سال بعد عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).