میڈیا کی چکا چوند نے مومنہ مستحسن کی خلوت پسندی کا ناٹک تار تار کر دیا


معروف گلوکارہ مومنہ مستحن کی منگنی ٹوٹنے کی خبر نے ان کے مداحوں کو بہت دکھ پہنچایا تھا۔ انہوں نے اس بات کی خود تصدیق کی تاہم اسے اپنا ذاتی مسئلہ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو نہایت کرخت انداز میں قیاس آرائیاں کرنے سے گریز کرنے کا کہا تھا۔ لیکن اب مومنہ نے خود ہی اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

موسیقی کے پروگرام کوک سٹوڈیو 9 سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ’آفرین آفرین گرل‘ مومنہ مستحسن نے بالاخر اپنی منگنی ٹوٹنے کی وجہ سے آگاہ کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں 24 سالہ خوبرو گلوکارہ نے علی نقوی سے اپنی منگنی ٹوٹنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اس لیے منگنی کی کیونکہ دونوں خاندان ایسا چاہتے تھے۔ مومنہ نے یہ بتانے کی زحمت نہیں کی کہ انہوں نے ایک تعلیم یافتہ بالغ خاتون ہوتے ہوئے خاندان کی خواہش پر سر کیوں جھکایا جو حتمی تجزیے میں ایک غلط فیصلہ مسلط کر رہا تھا۔ مومنہ کا کہنا تھا کہ علی نقوی اور میں ٹھیک طرح سے ایک دوسرے کو جانتے بھی نہیں تھے۔ ہماری پہلی ملاقات منگنی سے صرف ڈھائی ہفتے قبل ہی ہوئی تھی۔

مومنہ مستحسن اس حوالے سے میڈیا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہر طرف میں ہی موضوع گفتگو تھی، ہر کوئی میری ہی بات کر رہا تھا۔ مجھے ایسے محسوس ہوتا تھا جیسے اسے میرے چہرے پر رگڑا جا رہا ہے۔ تاہم مومنہ مستحسن نے یہ نہیں بتایا کہ اب انہیں کس امر نے میڈیا کے سامنے اپنی نجی زندگی بیان کرنے پر مجبور کیا ہے، کیا یہ اصول مان لیا جائے کہ شو بزنس کے ستارے منظر عام پر رہنے کے لئے میڈیا کی توجہ کے محتاج ہوتے ہیں لیکن میڈیا کو اپنی شرائط پر چلانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ یہ خواہش پوری ہونا مشکل ہے۔

خیال رہے کہ انوسٹمنٹ بینکر علی نقوی اور مومنہ مستحسن کی منگنی گزشتہ سال ہوئی لیکن چند ماہ بعد ہی دونوں نے اپنے راستے جدا کر لیے تھے۔ مومنہ مستحسن کو 2014ء میں بالی ووڈ فلم ایک ولن کے گانے ’آواری‘ اور بعد ازاں ’آفرین آفرین‘ سے شہرت ملی تھی جس میں ان کی گائیکی کو بہت سراہا گیا تھا۔

 (اس خبر کے ابتدائی ورژن مین غلطی سے اداکارہ وینا ملک کی تصویر شائع ہو گئی تھی۔ اب اس غلطی کی تصحیح کر لی گئی ہے۔ ادارہ)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).