بھارتی مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کے ساتھی سمیت 11 کشمیری نوجوان شہید


 مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارہ مولا اور پلوامہ میں برہان وانی کے ساتھی سبزار بھٹ سمیت 11 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے جس کے بعد مقبوضہ وادی میں حالات ایک مرتبہ پھر شدید کشیدہ ہوگئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے رام پور اور اُڑی میں بھارتی افواج نے خفیہ اطلاع ملنے پر حریت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا، جس کے دوران قابض فورسز اور حریت پسندوں میں تصادم ہوا، جس میں 8 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

دوسرا واقعہ پلوامہ کے علاقے ترال میں پیش آیا جہاں کشمیری حریت پسندوں اور بھارتی فورسز میں شدید تصادم ہوا جس میں مزید 3 نوجوان شہید ہوگئے۔بھارتی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مشہور کشمیری حریت پسند برہان وانی کے جانشین اور حزب المجاہدین کے اہم کمانڈر سبزار بھٹ بھی اس جھڑپ میں شہید ہوگئے۔ بھارتی افواج نے شہید نوجوانوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے سبزار احمد اور ان کے ساتھیوں کو حراست میں لینے کے بعد شہید کیا۔ علاوہ ازیں ترال میں ہی کشمیری عوام نے بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ قابض افواج نے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس پر مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں میں شدید جھڑپیں ہوئی جن میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ ترال کے علاقے سائیموح میں بھارتی پولیس نے رہائشی عبدالرشید میر کا گھر نذر آتش کردیا اور مسجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے جب کہ تلاشی کے بہانے دیگر گھروں میں بھی گھس کر توڑ پھوڑ کی اور سامان کو نقصان پہنچایا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).