پاکستان اور بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن بن گئے


 پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت مل گئی، پاکستان کے ساتھ بھارت بھی تنظیم کا مستقل رکن بن گیا ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت کی دستاویزات پر دستخط کر دیے۔

اس موقع پر وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت ملنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارک باد پیش کی۔ وزیر اعظم کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم میں مکمل رکن کی حیثیت سے شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال اور معیشت بہتر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں مل کرآگے بڑھنے کیلئے ایس سی او انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں حصہ لیا، پاکستان میں امن وامان کی صورتحال اور معیشت بہتر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم ترقی کیلئے امن اور باہمی اعتماد فراہم کرنےکا پلیٹ فارم ہے۔

قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور بھارت کے مستقل رکن بننے کے حوالے سے علیحدہ اعلامیہ بھی جاری ہوا جس پر تمام رکن ممالک نے دستخط کئے۔ وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایس سی او کی رکنیت ملنے پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی،افغان صدر اشرف غنی نے پاک بھارت وزرائے اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ پاکستان 12 سال کے طویل انتظار کے بعد شنگھائی تعاون کونسل کا مستقل رکن بنا ہے، علاقائی تعاون کی تنظیم کی قیادت روس اور چین کر رہے ہیں۔

اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے ہر اجلاس میں پاکستان بطور مبصر شرکت کرتا تھا، تاہم اب پاکستان تمام رکن ممالک کی مشترکہ رائے سے شنگھائی تعاون کونسل کا رکن بن چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).