وزیر اعظم کے جے آئی ٹی میں 15جون کو پیش نہ ہونے کا امکان


 خلیجی ممالک میں کشیدگی کے پیش نظر وزیر اعظم محمد نواز شریف سعودی عرب کے بعد قطر اور کویت کے دورے کیلئے تیار ہوگئے جبکہ جے آئی ٹی میں 15جون کو وزیراعظم کی عدم حاضری کی درخواست بھی تیار کرلی گئی ہے۔ میڈیا رپوٹس کے مطابق قطر اور سعودی عرب میں تنازعہ حل کرنے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کمر کس لی ہے۔ وزیر اعظم دورہ سعودی عرب کے بعد اب کویت اور قطر کا بھی دورہ کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جاسکے اس حوالے سے جے آئی ٹی میں نواز شریف کی 15جون کو عدم حاضری کی درخواست بھی تیار کرلی گئی ہے جوکہ جے آئی ٹی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے بھی وزیر اعظم نواز شریف کی قطر اور سعودی تنازعہ کم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے قبل ازیں پریس ریلیز جاری کی گئی تھی کہ نواز شریف جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).