کس برانڈ کا نوجوان تیار کر رہے ہو؟


انتہا پسندی اور دہشت گردی کا راج ہے۔ کوئی مقام، کوئی شخص یا کوئی مہینہ، یا گفتگو کا کوئی میڈیم کچھ بھی محفوظ نہیں۔ اس صورت حال کے متعلق سوچنے اور بیان داغنے والوں کے پاکستان میں دو دھڑے ہیں۔ یہ دونوں دھڑے ایک دوسرے کی ضد ہیں۔ ایک طرف انتہا پسند، دہشت گرد اور ان کے ہم خیال ہیں جو مذہب کے نام پر دہشت گردی اور قتل عام کو جائز سمجھتے ہیں۔ وہ ایک دائرے سے باہر مکالمے یا سوالات کے قائل نہیں ہیں۔ دوسری طرف لبرل سوچ رکھنے والا طبقہ ہے، جو سیکولرازم کے نام پر مذہبی و شخصی آزادی اور امن و ترقی کے دعویدار ہیں۔ وہ مکالمے کے قائل ہیں اس پر کوئی دائرہ نہیں لگانا چاہتے۔ ہماری ریاست کو ان دونوں میں سے کسی ایک کے انتخاب کا فیصلہ کرنا ہے۔

اسی فیصلے پر ہمارے مستقبل کا انحصار ہے۔ ریاست اپنی پسند کے گروپ کو پروان چڑھانے کے لئے خاص ماحول پیدا کرنے کا اختیار اور طاقت رکھتی ہے۔ کیونکہ وہ آئین، قانون اور پالیسیاں بناتی ہے اور اس کا اطلاق کراتی ہے۔ سکول، کالج، مدرسے، مسجدیں (یا عبادت گاہیں)، اخبار، ٹی وی اور باقی میڈیا اس کے اہم آلہ کار ہوتے ہیں۔ ساری دنیا ہمارے سامنے ہے۔ ہر ملک میں آئین، پالیسیاں، قانون، تعلیمی درس گاہیں اور میڈیا ہے۔ کہیں مذہبی دہشت گردی کا حامی نوجوانوں تیار ہو رہا ہے اور کہیں لبرل اور سیکولر سوچ کا نوجوان۔ ایک وقت میں صرف ایک ہی برانڈ تیار ہو سکتا ہے۔ فیصلہ ہمارا ہے۔ قدرت کا قانون واضح ہے۔ آج جو بوئیں گے کل وہی کاٹیں گے۔

ایک جانب وہ لوگ ہیں جنہیں انسانی لاشوں کے ڈھیروں کی پرواہ نہیں ہے۔ ان میں صرف بندوق بردار پیدل جنگجو نہیں بلکہ اجلے لباسوں اور چمکتے چہروں کے ساتھ ٹی وی سکرینوں پر نظر آنے والے وہ مذہبی جنونی بھی ہیں جو انسانوں کی برابری کا نہیں بلکہ دوسروں کو مغلوب کرنے کا پرچار کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک عقیدہ آپ کا ذاتی معاملہ نہیں ہے بلکہ عقیدے کے صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ ریاست یا غالب گروہ کے اختیار میں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ دوسرے عقائد راہ راست پر آ جائیں یا مرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔ یہ طالبان برانڈ کے شیدائی ہیں۔ اس گروہ کی آوازیں بڑی زور دار ہیں۔ وہ خود تو چاہے ساری زندگی انگریز بہادر کے بنائے ہوئے بیوروکریسی کے نظام سے ہی فیض یاب ہوئے ہوں لیکن اب وہ پاکستانی اور افغانی عوام کی نجات کے لئے طالبانی نظام چاہتے ہیں۔ اور پاکستان میں زندگی کا حق اور معیار عقیدے سے مشروط رکھنا چاہتے ہیں۔

دوسری طرف لبرل اور سیکولر سوچ کے حامی ہیں۔ وہ لاشیں گرانے کے قائل نہیں بلکہ زندگی کے خواہاں ہیں۔ ان کے نزدیک تمام عقائد قابل احترام ہیں۔ اپنے عقیدے کا انتخاب انسان کا بنیادی حق ہے اور اس کا احترام سب پر لازم ہے۔ ریاست کا فرض ہے کہ وہ سب کو اپنی مرضی کا عقیدہ چننے اور اس کی پریکٹس کرنے کے لئے خوف سے پاک ماحول مہیا کرے۔ ایک وضاحت کرتا چلوں، لبرل یہ نہیں کہتے کہ لوگ اپنا مذہب یا عقیدہ ترک کر دیں اور ملحد ہو جائیں۔ وہ کہتے ہیں کہ آپ اپنے عقیدے کو عزیز رکھیں اور عقیدے کے معاملے میں دوسروں کو بھی یہی حق دیں۔ مزید یہ کہ مذہبی آزادی ہو تاکہ کسی بھی شخص کو اس کے عقیدے کی بنیاد پر اپنے بنیادی انسانی اور شہری حقوق حاصل کرنے میں کسی تفریق کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لبرل کوئی نئی بات نہیں کر رہے بلکہ یہ “لا اقراہ فی دین” کا اصول ہے جو چودہ سو سال پہلے طے کر دیا گیا تھا۔ مذہبی تعلیمات کے مطابق روز حساب آپ سے یہ سوال نہیں کیا جائے گا کہ اگر آپ کا پڑوسی باقاعدگی سے مسجد نہیں جاتا تھا یا گائے کی پوجا کرتا تھا یا یوم عاشور میں گلیوں میں ماتم کرتا تھا یا داتا دربار قوالی سننے جاتا تھا تو آپ نے اسے قتل کیوں نہیں کر دیا یا لوگوں کے جذبات بھڑکا کر قتل کیوں نہیں کروا دیا۔ بلکہ یہ پوچھا جائے گا کہ آپ نے ایک انسان کا قتل کیوں کیا یا ایک انسان کے قتل کا موجب کیوں بنے۔ ریاست کے ذمہ داروں کا معاملہ بھی یہی ہو گا۔

لبرل گروہ پاکستان کے آئین، قانون، سکولوں اور مدرسوں کے نصاب، تعلیمی نظام، قومی سلامتی، دفاعی اور فارن پالیسی جیسی دستاویزات کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔ ظاہر ہے یہ تمام دستاویزات آسمانی صحیفے نہیں ہیں بلکہ انسانوں کی بنائی ہوئی ہیں یہ خامیوں سے پاک نہیں ہو سکتیں اور ان میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہے گی۔ ان کے بارے میں سوال کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ قانون توڑنا جرم ہے لیکن قانون بدلنے کا مطالبہ یا کوشش کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔

کچھ لوگ لبرل حلقوں کے ان سوالات سے بہت پریشان ہو تے۔ ان کے نزدیک یہ سوالات کرنا جرم ہے اور اس جرم کی سزا موت ہے۔ لہٰذا وہ پاکستان کے آئین، تعلیمی نصاب یا پالیسیوں پر اٹھائے گئے سوالات کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ لوگوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکائیں اور نتیجے میں انہیں کچھ لاشیں مل سکیں۔ یہ سنگین جرم، وہ، کھلے عام کرتے ہیں اور قانون خاموش رہتا ہے۔ حالانکہ نفرت پھیلانے کے خلاف قانون موجود ہے اور سیکڑوں امام مساجد نفرت بھری تقریریں کرنے اور لوگوں کے مذہبی جذبات بھڑکانے کے الزام میں مقدمات بھگت رہے ہیں اور جیلیں بھی کاٹ رہے ہیں۔

لبرل طبقے کے مطالبات بالکل واضح ہیں۔ انسانوں میں رنگ و نسل، مذہب اور جنس کی بنیاد پر تفریق نہ ہو اور ریاست مذہب کے معاملے میں غیر جانب دار ہو۔ یہ بنیادی لوازمات پورے ہوں گے تو امن اور ترقی کے سفر کا آغاز ہو گا۔ یہ آئیڈیئل حاصل ہونے تک سوالات تو اٹھتے رہیں گے۔ جنونی یہ نہیں جانتے کہ گولیوں، دھماکوں، اغوا اور پھانسیوں کا خوف تھوڑی دیر کے لئے آوازوں کو چپ کرا دے گا لیکن سوال تو وہیں رہیں گے۔ سوال مرتے نہیں بلکہ مزید پھیلتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ سقراط کو زہر کا پیالہ پینے پر مجبور کرنے والے بے پناہ طاقتور مذہبی جنونی انسانی سوچ کا سفر نہیں روک سکے۔ جو آج ایسا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پکڑ دھکڑ سوچ کا راستہ روک نہیں سکے گی۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik