اک قتل جو میں نہ کر سکا


\"inam-rana\"

سلمان تاثیر انسانوں کے بنائے قانون کو کالا قانون کہہ کر توہین رسالت کا مرتکب ہوا یا نہیں؟ سلمان تاثیر کا گورنر ہوتے ہوئے، لاہوری زبان میں، خوامخواہ \”رنگ بازیاں\” کرنا درست طرز عمل تھا یا نہیں؟ کسی مولوی کی جذباتی تقریر کے زیر اثر اپنے ہی زیر حفاظت کو قتل کر کے ممتاز قادری نے حلف سے غداری کی یا نہیں؟ قانون کے موجود ہوتے ہوے اگر اشخاص نے سزائیں دینی شروع کر دیں تو کوئی بھی فرقہ دوسرے کے ہاتھوں بچے گا کہ نہیں؟ اور سارے قضیے میں میڈیا کی ہیجان انگیزیوں نے کیا کردار ادا کیا؟ یہ سوالات اتنے گنجلک اور الجھے ہوے ہیں کہ جوابات فقط مزید تناؤ کا باعث بنتے ہیں۔ میں تو ایسے میں ایک آپ بیتی سناؤں گا۔ ایک قتل کی، جو میں نہ کر سکا۔

ہم تین دوست کسی محفل میں تھے کہ ایک صاحب نے حضورؐ کی شان میں گستاخی کی جسارت کی۔ ہم صم بکم ان کا منہ دیکھیں اور وہ تھے کہ حضورؐ کی نجی زندگی پر بے دریغ اشاروں اور زبان سے بکواس کرتے جائیں۔ ہم محفل سے نکل گئے۔ کوئی سترہ اٹھارہ سال کی عمر تھی۔ رات تکلیف اور اس شرمندگی میں گزری کہ ہماری غیرت نے موقع پر ہی سزا کیوں نہ دی اس گستاخ کو، لعنت ہم پر کہ کتنے بے غیرت ہیں ہم۔

دوسرے دن باقی دونوں بھی اسی حالت میں ملے اور یہ فیصلہ ہوا کہ غازی علم دین شہید مشعل راہ ہیں۔ اب دیر گئے تک قتل کی منصوبہ بندی ہوئی اور تینوں شھید ناموسِ رسالت ہونے کی آرزو لیے گھر واپس آئے۔ اگلے دن اک دوست نے کہا یارو میرے عشق پہ شک نہ کرنا، پر بہتر ہو گا کہ فتوی لے لیں تاکہ ضمیر مطمئن رہیں۔ سو ہم تینوں پہنچے جامعہ اشرفیہ اور وہاں ہم جا ٹکرائے کچھ حضرات کے ہمراہ چہل قدمی کرتے مرحوم حضرت عبدا لرحمٰن اشرفی (اللہ مغفرت کرے اور انعامات عطا فرمائیں۔ آمین) سے۔

حضرت ہم ایک صاحب کو قتل کرنا چاہتے ہیں اور آپ کی اجازت درکار ہے۔ حیرت بھری آنکھوں سمیت فرمایا کیوں جی؟ جی اس نے توہینِ رسالت کی ہے۔ اب حضرت نے جیسے اطمینان کی سانس لی اور مسکرا کر کہا ’اچھا؟ کیا کہا تو اس بدبخت نے؟‘ ہم جھجکے کہ جی ہم کیسے کہیں۔ کہا نہیں مجھے بتاوَ تو تم پر گناہ نہیں ہو گا۔ اب ہم آنسو بھری آنکھـوں سے بول رہے ہیں کہ جی یہ کہا، جی یہ بھی اور ہاں حضرت یہ بھی تو کہا۔ فرمایا اجی توہین کہاں وہ تو حضورؐ کی مدح کر رہا تھا۔ ہیں جی؟ اب کے ہم تینوں ہونق ہو کر بولے۔ ارشاد ہوا، بھئی بات کو دیکھـنے کا دوسرا طریقہ بھی تو ہے اور اس کے بعد گستاخی سے مدح کچھ یوں برآمد کی کہ ہم واہ واہ کر اٹھے۔

پھر فرمایا، ’میرے بچو، بعض دفعہ ان پڑھ اور بے عقل لوگ جہالت میں غلط الفاظ استعمال کر جاتے ہیں۔ اس لیئے معاف کرنا بہترین عمل ہے۔ اور ہم حضورؐ کے امتی ہیں، ہمارا کام مارنا نہیں معاف کرنا ہے۔ ارے ذرا ادھـر تو آؤ، مجھ سے گلے ملو، واہ واہ آج کے دور میں کتنے اچھے نوجوان ہیں‘۔ ہم باری باری حضرت کے گلے لگ گئے اور یوں لگا جیسے کسی نے آگ پر پانی برسا دیا ہو۔

کاش ممتاز قادری کو کوئی عبدالرحمن اشرفی ہی مل جاتا۔

انعام رانا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

انعام رانا

انعام رانا لندن میں مقیم ایک ایسے وکیل ہیں جن پر یک دم یہ انکشاف ہوا کہ وہ لکھنا بھی جانتے ہیں۔ ان کی تحاریر زیادہ تر پادری کے سامنے اعترافات ہیں جنہیں کرنے کے بعد انعام رانا جنت کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ فیس بک پر ان سے رابطہ کے لئے: https://www.facebook.com/Inamranawriter/

inam-rana has 36 posts and counting.See all posts by inam-rana

Subscribe
Notify of
guest
10 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments