انڈیا اور امریکہ کے تعلقات اس سے پہلے اتنے مضبوط کبھی نہیں رہے: ڈونلد ٹرمپ


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ امریکہ اور انڈیا کے تعلقات ’اس سے پہلے اتنے مضبوط کبھی نہیں رہے۔‘ پیر کو واشنگٹن میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں فروغ کے متنمی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم مودی کا کہا تھا کہ انھوں نے اور صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وائیٹ ہاؤس میں ہونے والی یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔ ملاقات سے قبل صدر ٹرمپ نے نریندر مودی کو ’سچا دوست‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے آپ کو اور وزیراعظم مودی کو ’سوشل میڈیا پر عالمی رہنماؤں‘ کے طور پر بھی بیان کیا۔

اس سے قبل نریندر مودی نے 20 امریکی کمپنیوں کے سربرہان سے ملاقات کی جن میں ایپل کے ٹم کک اور گوگل کے سندر پچائی بھی شامل تھے۔ اس دوران نریندر مودی نے انھیں بتایا کہ ان کی حکومت نے ہزاروں اصلاحات کے ذریعے انڈیا کو ’کاروبار کے لیے سازگار‘ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹویٹ بھی کیا کہ ‘بہترین سی ای اوز کے ساتھ بات چیت۔ ہم نے انڈیا میں مواقعوں کے حوالے سے وسیع گفتگو کی۔’

اگرچہ امریکہ اور انڈیا دونوں معاشی طور پر مستحکم ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان امیگریشن اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ پیر کو ملاقات سے قبل نریندر مودی نے وال سٹریٹ جرنل میں اپنے مضموں میں لکھا تھا کہ ’انڈیا اور امریکہ مشترکہ طور پر پیداوار اور جدت کو تقویت دے رہے ہیں۔‘

قیاس ہے کہ دونوں رہنما دفاع اور بین الاقوامی سلامتی کے حوالے سے مزید تعاون پر زور دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32189 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp