بین الاقوامی داماد


محمد صفدر اعوان اس وقت رکن قومی اسمبلی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ نون کے یوتھ وِنگ کے سربراہ بھی ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کو جے آئی ٹی کی طرف سے طلب کیے جانے پر ان کے شوہر محمد صفدر اعوان نے کہا کہ یہ اقدام نظریۂ پاکستان سے متصادم ہے۔

محمد صفدر اعوان ان ’داماد ہائے اول‘ میں سے ایک ہیں جن کا اثر و رسوخ مقامی اور عالمی سیاست پر وقتاً فوقتاً نظر آتا ہے۔ ہم نے سوچا کیوں نہ کچھ ایسے ہی داماد ہائے اول سے آپ کی ملاقات کرائی جائے۔

محمد صفدر اعوان پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے داماد ہیں۔ وہ پاکستانی فوج میں کیپٹن رہ چکے ہیں، اور 2008 سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ ان کا تعلق مانسہرہ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ سنہ 1992 میں جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو کیپٹن محمد صفدر اعوان ان کی سکیورٹی پر مامور تھے اور اسی دوران ان کی ملاقات نواز شریف کی بیٹی مریم نواز سے ہوئی۔ اس کے بعد ان کی شادی ہو گئی اور انھوں نے فوج سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ وہ اس وقت رکن قومی اسمبلی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ نون کے یوتھ وِنگ کے سربراہ بھی ہیں۔

جاریڈ کُشنر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اوانکا ٹرمپ کے شوہر ہیں۔ ایوانکا ٹرمپ سے ان کی ملاقات سنہ 2005 میں ہوئی جس کے بعد سنہ 2009 میں دونوں نے شادی کر لی۔

جاریڈ کشنر یہودی ہیں اور شادی سے پہلے ایوانکا ٹرمپ نے یہودی مذہب قبول کر لیا۔ وہ جائیداد کا کاروبار کرنے والے چارلز کُشنر کے بڑے بیٹے ہیں اور کشنر کمنیز کے سی ای او تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد انھیں وائٹ ہاؤس کا ایک سینئیر مشیر بنا دیا گیا جس کے بعد انھوں نے سی ای او کی نوکری چھوڑ دی۔ جاریڈ کُشنر نے صدر ٹرمپ کی آن لائن میڈیا سٹریٹیجی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کیریل شامالوف روسی صدر ولادمیر پوتن کی چھوٹی بیٹی کیٹرینا ٹِخونووا کے شوہر ہیں۔ وہ روسیا بینک کے شریک مالک نکولائے شامالوف کے چھوٹے بیٹے ہیں، اور روسی گیس اور پیٹروکیمیکل کمپنی سیبور ہولڈِنگ کے نائب صدر رہ چکے ہیں۔

سنہ 2014 میں وہ اس عہدے سے الگ ہو گئے تھے تاہم وہ اس کمپنی کے دوسرے بڑے شئیر ہولڈر ہیں۔ صدر پوتن کی بیٹی سے ان کی شادی سنہ 2013 میں ہوئی جس کے بعد سے انھوں نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور اب وہ صدر پوتن کے گرد ارب پتیوں کے ایک خصوصی حلقے کا حصہ ہیں۔

بیرات البائیراک ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے داماد ہیں۔ وہ ترک کمپنی سیلِک ہولڈنگ کے سی ای او رہ چکے ہیں۔ سنہ 2004 میں ان کی شادی صدر اردوغان کی بیٹی ایسرا اردوغان سے ہوئی۔ جون 2015 میں وہ ترک پارلیمان کے لیے منتخب ہوئے اور اس وقت ترکی کے وزیر برائے توانائی اور قدرتی وسائل ہیں۔ حال ہی میں ان پر نام نہاد دولت اسلامیہ کو تیل فروخت کرنے کے غیر مصدقہ الزامات لگائے گئے ہیں جن کے بعد امریکہ میں ان کے خلاف کارروائی کی باتیں بھی ہوئی ہیں۔ البائیراک نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

سمبا چکورے زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کی بیٹی بونا موگابے کے شوہر ہیں، جن کے ساتھ ان کی شادی سنہ 2014 میں ہوئی۔ انھیں سنہ 2016 میں زمبابوے کی سرکاری ایئر لائن، ائیر زمبابوے کا چیف آپریٹنگ افسر نامزد کیا گیا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp