سری دیوی کا جادو چل گیا


بھارتی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی اور سجل علی کی فلم ’’مام‘‘ نے ریلیز کے دوسرے روز 5 کروڑ 8 لاکھ کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔

ناموربھارتی اداکارہ سری دیوی، نوازالدین صدیقی، اکشے کھنا ، پاکستانی اداکارعدنان صدیقی اور سجل علی کی فلم ’’مام‘‘ دو روز قبل بھارت سمیت پوری دنیا میں ریلیز کی گئی تھی ، پاکستانی اداکاروں کی موجودگی کے باعث فلم کا انتظار بھارت کے ساتھ پاکستان میں بھی بڑی شدت سے کیا جارہا تھا جبکہ ریلیز سے قبل فلم کے پروڈیوسر بونی کپورسمیت فلمی تجزیہ نگاروں کو امید تھی کہ ’’مام‘‘ باکس آفس پر شاندار بزنس کرکے 2017 کی سپر ہٹ فلموں میں شامل ہوجائے گی لیکن فلم نے ریلیز کے پہلے روز کافی مایوس کن بزنس کیا اور 40 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم صرف 2 کروڑ 90 لاکھ کمانے میں کامیاب ہوسکی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی کہانی نوعمر لڑکی کے ساتھ زیادتی اور اپنی بیٹی پر ہونے والے ظلم کا بدلہ لینے کیلئے ایک ماں کی کوششوں کے گرد گھومتی ہے، بھارت میں اس موضوع پر پہلے بھی کئی فلمیں بن چکی ہیں لہٰذا کہا جا رہا ہے کہ پرانے موضوع کے باعث فلم نے ریلیز کے پہلے روز توقع کے خلاف کم بزنس کیا لیکن دوسرے دن کے جاری کیے گئے اعدادو شمار نے فلمی پنڈتوں کو بھی حیران کردیا۔

بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق فلم ’’مام‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز 2 کروڑ 90 لاکھ اور دوسرے روز 5 کروڑ 8 لاکھ کا شاندار بزنس کرکے کمال کردیا ،فلم اب تک بھارت میں 7 کروڑ 98 لاکھ کا بزنس کرچکی ہے،انہوں نے ٹویٹ کیا کہ پہلے روز کے مقابلے میں دوسرے روز فلم بینوں کی تعداد میں 75 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے جس کا اثر فلم کے بزنس پر بھی ہوا اور توقع کے خلاف فلم پہلے روز کے مقابلے دوسرے روز اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

واضح رہے کہ بونی کپور، سنیل منچندا اور زی اسٹوڈیو کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’مام‘‘ میں پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے سری دیوی کے شوہر اور سجل علی نے ان کی بیٹی کا کردارادا کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).