مسلم لیگ ن کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہان کے گھر سے 16 سالہ گھریلو ملازم کی تشدد زدہ لاش برآمد


لاہور میں مسلم لیگ ن کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہان کے گھر سے 16 سال کے گھریلو ملازم کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ نو جوان کی بہن کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایم پی اے گھر کو تالے لگا کر بچوں سمیت غائب ہو گئیں۔

مقتول کی 9 سالہ بہن عطیہ جو خود بھی ایم پی اے کے گھر ملازمہ ہے اپنے والد اور بھائی کو دیکھ کر بے اختیار ان سے لپٹ کر رونے لگی۔

عطیہ اور اس کا 16 سالہ بھائی اختر مسلم لیگ ن کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی شاہجہان کے گھر ملازم تھے۔ تھانہ اکبری منڈی پولیس کے مطابق خاتون ایم پی اے کے گھر سے اختر کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جبکہ عطیہ کے جسم پر بھی تشدد کے نشانات پائے گئے۔

گھریلو ملازمہ عطیہ کا کہنا ہے کہ ایم پی اے شاہجہان کی بیٹی فوزیہ انہیں اکثر تشدد کا نشانہ بناتی تھی، بھائی کو اتنا پیٹا کہ وہ مر گیا۔

عطیہ کے والد محمد اسلم کا کہنا تھا کہ اسے اس کے بچوں کے ملنے نہیں دیا جاتا تھا۔ پولیس نے مقتول اختر کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی ہے، جبکہ خاتون ایم پی اے شاہجہان اپنے گھر کو تالے لگا کر بچوں سمیت غائب ہو گئیں۔

ڈی ایس پی ارشد کانجو کے مطابق مقتول اختر کے والد کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ایم پی اےشاہ جہاں کی بیٹی فوزیہ کےخلاف درج کیا گیا ہےجس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).