ہم جھاڑیوں کے پیچھے کپڑے بدلا کرتے تھے: سری دیوی


بالی وڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی نے اپنے فلمی کریئر میں برسات میں فلمائے گئے نغموں سے کئی بار دھوم مچائی اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔ اس حوالے سے فلم ‘چاندنی’ کا گيت ‘لگی آج ساون کی پھر وہ جھڑی ہے‘، فلم ‘چال باز’ میں ‘نہ جانے کہاں سے آئی ہے’ اور ‘مسٹر انڈیا’ میں ‘کاٹے نہیں کٹتے’ جیسے گانے بہت مقبول اور ہٹ رہے ہیں۔ لیکن سری دیوی کا کہنا ہے کہ بارش میں نغموں کا فلمایا جانا ان کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں ہوتا تھا۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں سری دیوی نے برسات کے موسم میں فلمائے گئے اپنے نغموں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ‘برسات کے گانے ٹارچر ہیں۔ میں تو ان کا قطعی لطف نہیں لے سکتی کیوںکہ زیادہ تر ان نغموں کو فلماتے وقت میں بیمار ہو جاتی تھی۔’

کئی عشروں سے فلموں میں کام کرنے والی سری دیوی کو اب جدید دور کی تبدیل شدہ فلم انڈسٹری اچھی لگتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج کے دور کی اداکاراؤں کو بہت ساری سہولیات دستیاب ہیں جو پہلے میسر نہیں تھیں۔ ان میں سب سے اہم ‘وینٹی وین’ ہے جو ایک طرح کی نعمت ہے۔

سری دیوی کہتی ہیں: ‘آج کی اداکاراؤں کے لیے وینٹی وین ایک طرح سے انعام ہے۔ ہمارے وقت میں ایسی کوئی سہولت نہیں ہوا کرتی تھی۔ ہم تو درختوں اور جھاڑیوں کے پیچھے یا بس کے پیچھے کپڑے تبدیل کیا کرتے تھے۔’

سری دیوی نے بتایا کی ٹوائلٹ کی کمی کی وجہ سے وہ شوٹنگ کے دوران سارا دن پانی بھی نہیں پیا کرتی تھیں۔

ان کے مطابق اس زمانے میں اگر کسی سین کے 10 ری ٹیک ہو جائیں تو فلمساز مہنگی ریل ختم ہونے کے دباؤ میں آ جاتا تھا لیکن آج وہ مشکلات نہیں ہیں۔

سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ وہ جلد ہی فلموں میں قدم رکھنے والی ہیں۔ لیکن سری دیوی کو لگتا ہے کہ جھانوی کے مستقبل کے حوالے سے باتیں کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔

ایسی بھی خبریں آئی تھیں کہ جھانوی رنبیر کپور کو بہت پسند کرتی ہیں، لیکن سری دیوی کا کہنا تھا: ‘یہ سب خبریں بہت پریشان کرتی ہیں اور یہ باتیں اہمیت دینے کے قابل نہیں ہیں۔’

سری دیوی فلم ‘انگلش ونگلش’ کے پانچ سال کے بعد فلم ‘مام’ میں ایک مضبوط ماں کے کردار میں نظر آئیں گی۔ اس فلم میں اکشے کھنہ اور نواز الدین صدیقی کے علاوہ پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور سجل علی بھی کام کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32535 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp