حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے: شیخ رشید


عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے اسی ہفتے ثبوت اور تابوت ایک ساتھ نکلیں گے۔  پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو برا بھلا کہنے والے آج سپریم کورٹ کو برا بھلا کہہ رہے ہیں ، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ان لوگوں کو ایسے مشورے کون دے رہا ہے ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ ابھی تک جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات جمع نہیں کرائے گئے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے۔ آج پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما کیس کا مستقبل اس کیس سے جڑا ہے۔ آج سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گی وہ فیصلہ اس قوم کی تاریخ کا تعین کرے گا۔

شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا نہیں کہ وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ صرف ایک جماعت کا ہے بلکہ تمام اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم کے استعفے پر متفق ہیں ، اور اس وقت ملک اور قوم کے مستقبل کا دارومدار اس عدالت کے فیصلے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گی وہ ملکی تاریخ کا تعین کرے گا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ رہی ہیں اور ملک و قوم کے علاوہ جمہوریت کے بہترین مفاد میں بھی یہی ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ خدا کے بعد ہمیں سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے بعد ہمیں ملک کی اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ بھی قبول کرنا ہوگا اور امید ہے کہ ملک و قوم کی سلامتی اور بقا کیلئے عدالت ایسا فیصلہ دے گی جو بہترین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات کا تقاضا یہی ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔

شجاعت حسین نے کہا کہ آج کا فیصلہ تاریخی ہوگا اور اسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ ہمیں عدالت پر یقین ہے کہ وہ ایسا فیصلہ دے گی جو ملک و قوم کے مفاد میں بہترین ہوگا۔ اس سلسلے میں ہم ہر محب وطن شہری کو اپنے ساتھ ملائیں گے کہ وہ اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے ہر صفحے پر کرپشن کا ذکر موجود ہے ، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے 60 دنوں میں بہترین کام کیا اور تمام تر حقائق سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سب سے پہلے نواز شریف اور ان کے خاندان کا احتساب کیا جائے اور اس کے بعد ان لوگوں کا جنہوں نے اس قوم کو مشکل حالات میں ڈالا ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).