خوب رقص کریں لیکن کپڑے نہ اتاریں


کینیڈا کے مرکزی حصے میں جاری ایک موسیقی کے فیسٹیول کے دوران رقص کرنے والوں کے لیے پولیس نے ایک تنبیہ جاری کی ہے کہ شرکا کپڑے نہ اتاریں۔

دی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر ای ایم پی) نے یہ انتباہ اتوار کو ختم ہونے والے كریوین کاؤنٹی تھنڈر کی تقریب کے آغاز سے قبل جاری کی تھی۔ فیسٹیول میں شامل ہونے والے لوگوں سے پولیس نے کہا تھا کہ ’بے شک وہ خوب لطف اندورز ہو رہے ہیں اور ہمیں پتہ چلا ہے کہ کئی بار وہ اس طرح رقص کرتے ہیں جیسے انھیں کوئی نہیں دیکھ رہا۔‘

آر سی ایم پی کا کہنا تھا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ فیسٹیول میں موجود باقی لوگ انھیں دیکھتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آر سی ایم پی مکمل طور لوگوں کی خواہشات کی حمایت کرتی ہے کہ وہ فیسٹیول کا لطف اٹھائیں اور جشن منائیں، لیکن ہم ان سے یہ بھی درخواست کر رہے ہیں کہ جو بھی کرنا ہے کپڑے پہن کر کریں۔‘

سی بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والے اس فیسٹیول میں پولیس سے عوامی مقام پر برہنہ ہونے کے ’دو‘ واقعات کی شکایت کی جا چکی ہے۔ تاہم شکایت کی بنیاد پر کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اس کے علاوہ فیسٹیول کے دوران درجنوں معمولی واقعات کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ خیال رہے کہ کینیڈا کے شہر رگینا کے شمال میں منعقدہ اس سالانہ کریوین فیسٹیول میں ہر سال ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp