پنجاب کے وزیر محکمہ مال عطا مانیکا مستعفی


پنجاب کے وزیر محکمہ مال عطا مانیکا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھجوا دیا۔

عطا مانیکا نے اپنے استعفےمیں شکوہ کیا ہے کہ حکومت نے انہیں پچھلے 4 سالوں میں دیوار سے لگا کر رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہاہے کہ 4 سال میں بھرپور کوشش کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب سے صرف 2 دفعہ ملاقات ہو سکی، سینئر پارلیمنٹیرین ہونے کے باوجود غیر فعال محکمہ جات دیئے گئے۔

عطا مانیکا کے مطابق 4 سالوں کے دوران ان پر فیملی اور دوستوں کی جانب سے وزارت چھوڑنے کا شدید دباؤ تھا، وہ 4 سال تک اس پریشر کو روکتے رہے مگر اب مجبور ہو کر استعفیٰ دے رہے ہیں۔

عطا مانیکا کے مطابق انہوں نے جمعے کے روز اپنا استعفیٰ بھجوایا تھا جو ابھی تک منظور نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ میاں عطا محمد خاں مانیکا اوکاڑہ کے ایک معروف زمیندار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ 1991-93 کے دوران ڈسٹرکٹ کونسل پاک پتن کے چیئرمین رہے۔ میاں عطا محمد خاں مانیکا پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر 1993 میں ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر تعلیم رہے۔ میاں عطا محمد خاں مانیکا 1989 سے 1990 تک قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے۔ میاں عطا محمد خاں مانیکا اکتوبر 2002 کے جنرل انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے رکن رہے۔ میاں عطا محمد خاں مانیکا نے مارچ 2013 میں قاف لیگ کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ نواز مین شرکت اختیار کر لی تھی اور اس حیثیت مین پنجاب کے وزیر مال رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).