ہم سب: ایک ملین کی تحسین


\"13-B\"

چار مارچ کو رات ایک بجے  ’ہم سب‘ نے اپنے اجرا کے چھپن (56) روز بعد ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ’ہم سب‘ پر ایک ملین – دس لاکھ – پوسٹیں پڑھی جا چکی ہیں۔ جب ساتھیوں نے جنوری کے اوائل میں ’ہم سب‘ کی داغ بیل ڈالی تھی، تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اتنی جلدی ’ہم سب‘ اتنی مقبولیت حاصل کر لے گا۔ لیکن ساتھی آتے گئے، لکھتے گئے، اور پڑھتے گئے، اور کامیاب ہوتے گئے۔ ادارہ ’ہم سب‘ اس بڑی کامیابی پر سب لکھنے والوں اور پڑھنے والوں کا شکرگزار ہے۔

خدا کے فضل و کرم سے ’ہم سب‘ کو جو کامیابی نصیب ہوئی ہے اس کی وجہ کیا ہے؟ اس کی وجہ ایک ایسی ٹیم ہے جس کو جمع کرنے اور متحرک رکھنے کا کریڈٹ جناب وجاہت مسعود صاحب کو جاتا ہے۔ ہم جیسے لکھنے والے تو محض اس لالچ میں ’ہم سب‘ پر لکھنا شروع ہوئے تھے کہ اس بہانے ایک استاد سے تحریر کی اصلاح ملتی رہے گی۔ یہ معلوم ہو گا کہ بکھرے ہوئے خیالات کو کیسے الفاظ کا جامہ پہنانا ہے۔ کیسے اپنا نقطہ نظر بیان کرنا ہے۔ لیکن سب سے بڑا سبق جو کہ وجاہت مسعود صاحب سے ملا ہے، وہ یہ ہے کہ کیسے ایک کٹر نظریاتی مخالف کے نقطہ نظر کو برداشت کرنا ہے اور مضامین کی صورت میں الجھے بغیر ایک مہذب انداز میں مکالمے سے فیض کیسے حاصل کرنا ہے۔ اور انہیں کی یہ پالیسی ہے کہ کسی بھی نقطہ نظر کو شائع کرنے سے نہیں کترانا ہے۔ اسی لئے ’ہم سب‘ پر آپ کو لبرل ازم کے حق میں تحریریں بھی ملتی ہیں، اور مذہب و معاشرت پر ایک پورا سیکشن بھی موجود ہے۔

\"\"اس ایک ملین کی تحسین میں ہم ان گیارہ مصنفین کا ذکر کرنا چاہیں گے جن کی پوسٹیں سب سے زیادہ پڑھی گئی ہیں۔ گوگل کے اعداد و شمار کے مطابق وہ مصنفین یہ ہیں: عدنان خان کاکڑ، فرنود عالم، ذیشان ہاشم، وجاہت مسعود، رامش فاطمہ، نصیر احمد ناصر، سید مجاہد علی، انعام رانا، ظفر اللہ خان (ید بیضا)، حسنین جمال اور وصی بابا۔

گیارہ مصنفین کی یہ فہرست تو گوگل نے مرتب کی ہے ۔ لیکن ’ہم سب کو اعداد وشمار کے کھیل سے ہٹ کر سخن شناسی کا بھی دعویٰ ہے۔ چنانچہ ہم رضی الدین رضی، قاضی عثمان، وقار احمد ملک،عاصم بخشی، سجاد پرویز، ستیہ پال آنند، اصغر ندیم سید، حسن معراج، ظفر عمران، عامر ہاشم خاکوانی، مبشر علی زیدی، انیق ناجی، نسیم کوثر، بلال غوری۔ مجاہد مرزا، عثمان غازی، مسعود منور، جمیل عباسی، علی ارقم کے بھی خصوصی طور پر شکر گزار ہیں کہ ان سب کے قلم سے برسنے والے رنگ ’ہم سب‘ کی تصویر کا حصہ ہیں ۔

\"14\"جیسا کہ کئی مرتبہ پہلے بتایا جا چکا ہے، ’ہم سب‘ کسی بھی نقطہ نظر کو شائع کرتا ہے۔ موصول ہونے والی پوسٹوں کو شائع کی حتی المقدور کوشش کی جاتی ہے تاکہ کوئی دلچسپی رکھتا ہو تو اس نقطہ نظر پر بات کی جا سکے۔ لیکن وسائل کی کمی کے باعث ہر پوسٹ کو لگانا ہمارے بس سے باہر ہوتا ہے۔ ’ہم سب‘ کی ادارتی سب سے پہلی ترجیح اپنے مستقل لکھاریوں کو دیتی ہے۔ اس بات کا خیال نہیں رکھا جاتا کہ لکھنے والا مسٹر ہے یا مولانا۔ اگر بعض حلقوں کو یہ شکوہ ہے کہ ان کا نقطہ نظر سائٹ پر نمایاں نہیں ہے، تو برائے کرم وہ اپنی فکر سے تعلق رکھنے والے اچھے مصنفین کو آمادہ کریں کہ وہ اپنی تحریریں ’ہم سب‘ کو ارسال کیا کریں۔ ’ہم سب‘ پر تو وہی چھپ پائے گا جو کہ اسے موصول ہو گا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمارے لئے ایسی تحریروں کی نوک پلک سنوار کر شائع کرنا ممکن نہیں ہوتا جو زبان، دلیل اور معلومات کے تین معیارات پر پوری نہ اترتی ہوں۔ ان مصنفین سے یہی عرض ہے کہ اپنی تحریر شائع نہ ہونے پر شکوہ کناں ہونے کی بجائے ایک بار پھر طبع آزمائی کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔ بعض نئے لکھاری بہت اچھا مضمون بھیجتے ہیں، لیکن بعض اوقات انسانی وسائل کی کمی کے باعث ان کی ایک اچھی تحریر بھی شائع نہیں ہو پاتی ہے۔ ’ہم سب‘ کی ادارتی ٹیم ان سب دوستوں سے نہایت معذرت خواہ ہے اور درخواست کرتی ہے کہ اپنی تحریریں ارسال کرتے رہیں۔

تحریر کے اختتام پر ہم سب کے سب ساتھیوں کو، لکھنے والوں کو اور پڑھنے والوں کو، ایک ملین مرتبہ شکریہ پہنچے۔ آپ کا تعاون شامل حال رہا تو ہم سب کو ایسی کامیابیاں ملتی رہیں گی۔

(مدیر ہذا عرض کرتا ہے کہ محترم عدنان خان کاکڑ کا خصوصی شکریہ ادا کرنے کی وجوہات بہت سی ہیں اور بوجوہ بیان نہیں کی جا سکتیں۔ مشرب پروانہ ز آتش نداند طور را)

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
14 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments